ایوان صدر کی جامع مسجد سے نماز جمعہ اور خطبہ براہ راست نشر، چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل نے سیرت طیبہ پر روشنی ڈالی

19

اسلام آباد،5نومبر  (اے پی پی):ایوان صدر کی جامع مسجد سے نماز جمعہ اور خطبہ براہ راست نشر کیا گیا۔ اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر قبلہ ایاز نے خطبہ دیا۔ایوان صدر کے حکام و عملہ نے نماز جمعہ ادا کی۔

اس موقع پر اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر قبلہ ایاز نے اپنے خطبہ میں نبی آخر الزماں حضرت محمد صلی اللّٰہ علیہ وسلم کی سیرت طیبہ پر روشنی ڈالی اور آپ صلی اللّٰہ علیہ وسلم کی حیات طیبہ سے صلہ رحمی اور بالخصوص اقلیتوں کے ساتھ حسن سلوک پر مبنی عملی اسباق کو اجاگر کیا۔

 ڈاکٹر قبلہ ایاز نے کہا کہ حضور صلی اللّٰہ علیہ وسلم رحمت اللعالمین ہیں اور آپ صلی  اللہ  علیہ وسلم کی تعلیمات ہمارے لئے ہمیشہ مشعل راہ رہیں گی، ہم ان پر عمل کر کے دنیا اور آخرت، دونوں میں سرخرو ہو سکتے ہیں۔

 اس موقع پر ملک و قوم کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لئے دعا کی گئی۔ واضح رہے کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی ہدایت پر لوگوں کی رہنمائی کے لئےایوان صدر کی جامع مسجد سے خطبہ جمعہ براہ راست نشر کرنے کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔