وزیر اعلیٰ عبد القدوس بزنجو کے ساتھ مل کر بلوچستان میں ترقیاتی کام جاری رکھیں گے؛ وفاقی وزیر اسد عمر

15

کوئٹہ،5نومبر  (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی ، ترقی، اصلاحات وخصوصی اقدامات اسد عمر نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا وژن ہےکہ ریاست کے سب سے پسماندہ علاقوں کو پہلے ترجیح دی جائے، بلوچستان ترقی کے دوڑ میں پیچھے رہ گیا ہے، بلوچستان گزشتہ ادوار میں حقوق سے محروم رہاہے،  عوام کی بہتری کے لیے وفاق اور بلوچستان ملکر بھرپور طریقے سے کام کریں گے،وزیر اعلیٰ عبد القدوس بزنجو  کے ساتھ مل  کر بلوچستان میں ترقیاتی  کام جاری رکھیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ آٹا،چینی، دالیں اور خوردنی تیل پر سبسڈی دے رہے ہیں۔ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں 83 فیصد اضافہ جبکہ پاکستان میں  تیل کی قیمتوں میں صرف 13 فیصد اضافہ ہوا ہے، عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، عالمی منڈی پر ہمارا کنٹرول نہیں،کوشش کی جا رہی ہے کہ پٹرول پر ٹیکس کم سے کم رکھیں۔

وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ وزیراعلیٰ سے ملاقات میں صوبے کی ترقی اور بلوچستان میں خصوصی پیکج کا جائزہ لیا گیا،جنوبی بلوچستان   خصوصی پیکج میں جہاں کمی تھی اس کی بہتری پر بھی جائزہ لیا گیا۔انہوں نے کہاکہ وزیر اعلیٰ بلوچستان کے ساتھ مل کر کر ترقیاتی کام جاری رکھیں گے،  وزیر اعلیٰ سے صحت کارڈ کے بارے میں بھی بات چیت ہوئی۔انہوں نے کہاکہ ریلیف پیکج بلوچستان کے عوام تک پہنچے گا،کورونا ویکسی نیشن کے بارے میں وزیر اعلیٰ سے تفصیلی بات ہوئی، وزیر اعلیٰ میر عبدالقدوس  بزنجو سے مل کر ترقیاتی کام کرینگے۔

پٹرول مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ عالمی منڈی میں قیمتوں میں اضافہ ہوا، عالمی منڈی پر ہمارا کنٹرول نہیں، کوشش کی جا رہی ہے کہ پیٹرول پر ٹیکس کم سے کم رکھیں۔بلوچستان کی ترقی کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں، ماضی میں بلوچستان کو اس کا جائزہ حق نہیں دیاگیا،احساس روشن ریلیف پروگرام اورصحت کارڈ بلوچستان سے اجرا کیا جارہا ہے ،کوروناویکسی نیشن عمل کو تیزترکرنے کے حوالے سے وزیراعلیٰ بلوچستان اورچیف سیکرٹری بلوچستان سے بات چیت کی گئی ہے ۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کہا کہ  پٹرولیم منصوعات بیچنےوالےممالک یہ نہیں دیکھتے کہ وہاں غربت زیادہ ہیں  یاکم ۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے سرحدی علاقوں سےافغانستان اور ایران کے بارڈز تک سٹرکوں کا جال بچھایاجارہے، توانائی گیس اورپانی کے منصوبے جنوبی بلوچستان پیکیج کاحصہ ہیں ۔آئی ٹی سیکٹر کے شعبے کو ترقی دی جائے گی۔

 اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجونے کہاکہ  امید کرتے ہیں کہ وفاقی وزیر اسدعمر سمیت دیگر وفاقی وزیر بھی بلوچستان کا دورہ کرینگے۔انہوں نے کہاکہ مشکور ہیں کہ وفاق بلوچستان میں ترقی کے کاموں میں ساتھ دےرہا ہے   ۔ وزیراعلیٰ  نے کہاکہ جنوبی بلوچستان پیکج بڑا اچھا اقدام ہے،وفاق کی جانب سے جنوبی پیکج طرز کے مزید پیکج بھی بلوچستان کو درکار ہیں، امید کرتے ہیں کہ آئندہ بھی وزیر اعظم بلوچستان کی بہتری کیلئے ساتھ دیں گے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان کے لوگ پاکستان کے ساتھ بہت محبت کرتے ہیں، دیگر صوبوں سے بڑھ کر بلوچستان کے عوام پاکستان سے محبت کرتے ہیں، انہوں نے کہاکہ وفاق کے تعاون کے بغیر بلوچستان ترقی نہیں کرسکتاہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان سے بلوچستان کے لوگ خصوصی محبت کرتے ہیں، بلوچستان کے ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں وزیراعظم عمران خان کیلئے عوامی اجتماعات کاانعقاد کیاجائے گا۔انہوں نے ہرنائی زلزلے میں ریلیف کاموں سے متعلق تعاون پر وفاقی حکومت کا شکریہ بھی ادا کیا۔