سیالکوٹ،9نومبر (اے پی پی): شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کی جائے پیدائش اقبال منزل میں علامہ اقبال کے 144 ویں یوم ولادت کے دن کے موقع پر ملک کے طول و عرض سے لوگوں کا علامہ اقبال کی جائے پیدائش دیکھنے کے لئے تانتا بندھا رہا۔
علامہ اقبال کی یوم ولادت پر نماز فجر کے ساتھ ہی تقریبات کا آغاز کیا گیا اور مختلف سرکاری و غیر سرکاری اداروں کی طرف سے علامہ اقبال کی سالگرہ کے کیک بھی کاٹےگئے۔
اس موقع پر بزم اقبال لاہور کی طرف سے علامہ محمد اقبال کی لکھی ہوئی کتابیں تقسیم کی گئیں تاکہ نوجوان نسل اپنا تعلق علامہ اقبال سے مزید مضبوط کر سکیں ، اقبال منزل میں تعینات عملہ کی طرف سے اقبال منزل میں آنے والے شہریوں کے لیے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں ۔
علامہ اقبال کے یوم پیدائش کے موقع پر شہر میں ضلعی انتظامیہ کی طرف سے شہر کی آرائش و زیبائش کے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں ۔سیالکوٹ کے تعلیمی اداروں میں اقبال آگاہی کے لئےخصوصی تقریبات منعقد کی جا رہی ہیں۔