اسلام آباد، 11 نومبر (اے پی پی ): وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی نے کہا ہے کہ مقبوضہ وادی میں بھارت کی جانب سے جاری، غیر قانونی اقدامات، اقوام متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان کے دورہ پر آئے ہوئے، او آئی سی کے نمائندہ خصوصی برائے جموں و کشمیر، یوسف الدوبے سے ملاقات میں کیا ، جنہوں نے وزارتِ خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی ۔وزیر خارجہ نے او آئی سی کے نمائندہ ء خصوصی برائے جموں و کشمیر کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا اور مقبوضہ کشمیر میں جاری، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا۔
شاہ محمودقریشی نے نمائندہ خصوصی کو بتایا کہ ہندوستان مقامی افراد کو بے دخل کر کے مقبوضہ کشمیر میں آبادیاتی تناسب کو تبدیل کرنے کے اقدامات پر عمل پیرا ہے۔وزیر خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ ہندوستان کا مقصد محض مقبوضہ جموں و کشمیر پر اپنے غیر قانونی تسلط کو برقرار رکھنا ہے۔انہوں نے کہاکہ کورونا وبا کے باعث مظلوم کشمیریوں کو دہرے لاک ڈاؤن کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ کشمیری نوجوانوں کا ماورائے عدالت قتل، بلاجواز گرفتاریاں، خواتین کی عصمت دری، جبرو استبداد،روزانہ کا معمول بن چکا ہے، بھارت کے یکطرفہ اقدامات کے باعث کشمیریوں کو ناقابلِ تلافی معاشی نقصان برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔
وفاقی وزیر خارجہ نے کہا کہ جنرل اسمبلی کے 76ویں اجلاس کے موقع پر، اپنے حالیہ دورہ ء نیویارک کے دوران، میں نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین اور منظم خلاف ورزیوں اور ہمارے خطے میں ہندوستان کے منفی کردار کی طرف خصوصی توجہ مبذول کروائی۔ 12 ستمبر 2021 کو حکومت پاکستان کی طرف سے جاری کردہ ڈوزیئر میں، مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی قابض افواج کے جنگی جرائم کی مکمل تفصیلات درج ہیں۔انہوں نے کہاکہ میں واضح کرنا چاہتا ہوں کہ جموں و کشمیر تنازعہ کا منصفانہ حل، علاقائی امن اور استحکام کے لیے مرکزی حیثیت رکھتا ہے۔
مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ 5 اگست 2019 کے یکطرفہ اور غیر قانونی بھارتی اقدامات اس حقیقت کو تبدیل نہیں کر سکتے اور نہ ہی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں میں درج کشمیری عوام کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کو ختم کر سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ او آئی سی کے نمائندہ خصوصی برائے جموں و کشمیر یوسف الدوبے، 7سے 12نومبر تک پاکستان اور آزاد کشمیر کے دورہ پر ہیں۔