چنیوٹ،18 نومبر (اے پی پی): ڈپٹی کمشنر عاصم جاوید کیجانب سے روزانہ کی بنیاد پر صبح سویرے شہر میں صفائی کی صورتحال کے جائزے کیلئے مختلف علاقوں کے دورے جاری ہیں۔ ڈپٹی کمشنرنے فرنیچر مارکیٹ روڈ،اندرون محلہ گڑھا، چوک جتوتھان، گلی اصلاح ہائی سکول، اندرون سبزی منڈی باوا لال ڈاکٹر عزیز علی روڈ،مدرسہ البنات چوک و ملحقہ علاقوں کی گلیوں اور بازاروں میں گئے اور عملہ صفائی کی موجودگی کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ معمولات زندگی شروع ہونے سے قبل شہر میں صفائی کا عمل مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول نظر آئے۔
انہوں نے کہا کہ صفائی کا معیار بلند کرنے کے لئے مزید اقدامات کئے جائیں تاکہ شہریوں کی توقعات کے مطابق شہر ہر لحاظ سے صاف ستھرا اور خوبصورت نظر آئے۔
ڈپٹی کمشنر نے کوڑا کرکٹ کو مناسب اور محفوظ انداز میں ٹھکانے لگانے اور ایم سی کے ورکرز کی حاضری کی کڑی مانیٹرنگ کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے اپنی نگرانی میں گلیوں اور بازاروں سے تجاوزات کو ختم کروایا اور ایم سی کے افسران کو ہدایت کی کہ مین روڈ کے ساتھ ساتھ اندرون محلوں اور گلیوں کو بھی روزانہ کی بنیاد پر صاف ستھرا بنانے کے لیے فوری اقدامات کریں۔
بعد ازاں انہوں نے مختلف بازاروں میں اشیاء ضروریہ کی قیمتوں کو چیک کرنے کے لیے دوکانوں کا دورہ کیا اور دوکانداروں کو سختی سے ہدایت کی کہ نئی سرکاری ریٹ لسٹوں کو نمایاں جگہوں پر لگائیں اور ان لسٹوں کے مطابق ہی اشیاء فروخت کریں۔ انہوں نے متعدد دوکانوں پر آٹا اور چینی کی دستیابی کے بارے میں دوکانداروں سے دریافت کیا۔
دوکانداروں نے ڈپٹی کمشنر کو بتایا کہ انہیں روزانہ کی بنیاد پر چینی و آٹا کا سٹاک مل جاتا ہے جسے وہ سرکاری نرخوں کے مطابق سیل کر رہے ہیں اس سلسلہ میں انہیں کسی پریشانی کا سامنا نہیں ہوتا۔