نواز شریف اور مریم نواز کے مقدمات کی سماعت ہو تو لیکس آجاتی ہیں لیکن رسیدیں کبھی نہیں آتیں، وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین کی میڈیا سے گفتگو

32

اسلام آباد۔22نومبر  (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ اپوزیشن فوج اور عدلیہ کے خلاف مہم چلانا بند کرے، جب بھی نواز شریف یا مریم نواز کے مقدمات عدالتوں میں چلنا شروع ہوتے ہیں تو کوئی لیک سامنے آ جاتی ہے یا ویڈیو، نہیں آتی تو رسیدیں سامنے نہیں آتیں جن کا پوری قوم کو انتظار ہے، عدالتوں نے انہیں کئی مواقع دیئے، ثبوت ہوتے تو یہ پیش کرتے، نواز شریف اور آصف علی زرداری کی کرپشن کا بچے بچے کو پتہ ہے، آئین پاکستان میں دونوں اداروں کو تحفظ حاصل ہے، ای وی ایم اور اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹنگ کا حق دینے کے حوالے سے قانون بن چکا ہے، الیکشن کمیشن ای وی ایم کے ذریعے شفاف انتخابات کرانے کیلئے اپنی ذمہ داری ادا کرے، آئی ایم ایف پروگرام منظور ہو چکا ہے، پاکستانی معیشت کو استحکام ملا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ جب بھی نواز شریف یا مریم نواز کے مقدمات عدالتوں میں چلنا شروع ہوتے ہیں تو کوئی لیک یا ویڈیو تو سامنے آ جاتی ہے لیکن رسیدیں سامنے نہیں آتیں جن کا پوری قوم انتظار کر رہی ہے۔