ملتان، 26 نومبر2(اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ نے گزشتہ روز ذخیرہ اندوزی کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کیا اور تھانہ بہاءالدین کی حدود میں قائم نجی گودام سے ذخیرہ شدہ گھی برآمد کرکے گودام سیل کردیا۔
سیکرٹری آر ٹی اے رانا محسن نے سپیشل برانچ اور پولیس کے ہمراہ چھاپہ مارا تو گودام میں 3کروڑ مالیت کا 85 ٹن گھی بغیر سپلائی ریکارڈ ذخیرہ کیا گیا تھا۔سیکرٹری آر ٹی اے رانا محسن نے اس موقع پر سپیشل برانچ کی رپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے ذخیرہ اندوزی ایکٹ کے تحت گودام سیل کرکے قانونی کارروائی کا آغاز کردیا۔
سیکرٹری آر ٹی اے رانا محسن نے کہا کہ کھاد و چینی سمیت اشیاء خوردونوش کی ذخیرہ اندوزی کیخلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ڈپٹی کمشنر نے بلیک مارکیٹ اور گراں فروش مافیا قابو کرنے کا ٹاسک دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت کے مطابق کسی صورت ذخیرہ اندوزی کے ذریعے بلیک مارکیٹنگ کی اجازت نہیں دی جائے گی۔