نارووال،29 نومبر( اے پی پی): صوبائی وزیر اوقاف و مذہبی امور پنجاب پیر سعید الحسن شاہ نے ڈپٹی کمشنر نبیلہ عرفان کے ہمراہ ڈی ایچ کیو سول ہسپتال نارووال کا دورہ کیا۔
ڈپٹی کمشنر نبیلہ عرفان نے وزیر اوقاف کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ڈی ایچ کیو ہسپتال میں مریضوں کوہر طرح کی سہولیات میسر ہیں اور ان کے علاج معالجہ کے لئے ہر قسم کی ادویات وقت پر مل رہی ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ یہاں کا عملہ مریضوں کی خدمت کے لئےہمہ وقت تیار رہتا ہے یہی وجہ ہے کہ انہیں کسی بھی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑتا، تمام مریض دستیاب سہولیات سے مطمئن نظر آ رہے ہیں۔
اس موقع پر وزیر اوقاف و مذہبی امور پنجاب نے کہا کہ حکومت پنجاب وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں شہریوں کو طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ ڈی ایچ کیو ہسپتال جیسی سہولیات کی بنیادی صحت مرکز تک فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔
بعد ازاں وزیر اوقاف و مذہبی امور پنجاب نے ڈپٹی کمشنر نارووال کے ہمراہ فیض احمد فیض پارک نارووال کا دورہ بھی کیا اور وہاں پر موجود بچوں کی تفریح کے لئے انتظامیہ کی طرف سے لوگوں کو فراہم کی جانی والی سہولیات کا جائزہ لیتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا۔
ڈپٹی ڈائریکٹر آصف محمود، ایم ایس ڈاکٹر لطیف افضل، ڈی ایچ او ڈاکٹر محمد طارق، سی او ہیلتھ ڈاکٹر خالد جاوید، ڈاکٹر چوہدری اعتزاز اقبال، میونسپل آفسر اشہد و دیگر افسران اس موقع پر موجود تھے۔