پاکستان اور ڈنمارک کے درمیان روابط کو مزیدفروغ دیا جائے گا؛ وزیر داخلہ شیخ رشید کا ڈنمارک کی سفیر سے ملاقات میں اظہار خیال

48

اسلام آباد،29نومبر  (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستان اور ڈنمارک کے درمیان روابط کو مزیدفروغ دیا جائے گا،پاکستان ڈنمارک کی مختلف شعبوں میں اعلی ٰمہارت سے استفادہ کرے گا، دونوں ملکوں کے درمیان کاروباری رکاوٹوں کو ختم کریں گے۔

 ان خیالات کااظہارانہوں  نے  پیر کو یہاں    ڈنمارک کی سفیرلیز روزن ہوم  سے ملاقات میں کیا۔ اس موقع پر  پاکستان ڈنمارک دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے دیگرامور پر بات چیت کی گئی اور باہمی تعلقات کو کثیرالجہتی بنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

   وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ پاکستان اور ڈنمارک کے درمیان روابط کو مزیدفروغ دیا جائے گا، پاکستان ڈنمارک کی مختلف شعبوں میں اعلی مہارت سے استفادہ کرے گا، دونوں ملکوں کے درمیان  کاروباری رکاوٹوں کو ختم کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان افغانستان میں پائیدارامن کی کوششیں جاری رکھے گا،افغان شہریوں بالخصوص بچوں اور خواتین کواشیائے زندگی کی اشد ضرورت ہے، بین الاقوامی برادری انسانی ہمدری کی بنیاد پر افغان شہریوں کی مدد اور معاونت کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ایک لاکھ سے زائد افغان شہریوں کی افغانستان سے انخلا  میں معاونت کی، تشویش ہے کہ وسائل کی کمی کے باعث افغانستان میں کہیں   قحط نہ پیدا ہوجائے۔

 اس موقع پر ڈنمارک سفیر نے کہا کہ دوطرفہ تعلقات میں تجارت اور سیاحت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے، افغانستان میں پائیدارامن کے خواہشمند ہیں اورپاکستان کی کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ڈنمارک کے درمیان دوطرفہ “گرین معاہدے”پر  جلد دستخط ہوجائیں گے،گرین معاہدے سے  دونوں ملکوں کے درمیان کاروباری تعلقات میں وسعت آئے گی۔

ملاقات میں وزارت داخلہ کے اعلیٰ حکام اورڈنمارک  کے سفارتخانے کے عملے کے ارکان بھی موجود تھے۔