لاہور، 29 نومبر ( اے پی پی ) وزیر اعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی برائے اطلاعات حسان خاور نے کہا ہے کہ پیسے اور دھونس کی سیاست کے بعد ن لیگ نے لوگوں کی پگڑیاں اچھالنے کے لیے اب ڈیجیٹل دہشتگردی کی سیاست شروع کر دی ہے، ن لیگ جو کام قیمے والے نان اور بریانی سے کرتی تھی اب اس کام کیلئے دو ہزار دینا پڑ رہا ہے ۔
الحمرا آرٹس کونسل میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے معاون خصوصی برائے اطلاعات حسان خاور نے کہا کہ مریم نواز سرکاری میڈیا کے بعد اب پرائیویٹ میڈیا کو بھی اپنی شرائط پر قابو کرنا چاہتی ہیں ۔ ان کا مقصد ہے کہ اتنا کیچڑ اچھالا جائے کہ کسی کا دامن صاف نہ رہے ۔ لوگوں کی عزتیں اچھالنے کے لیے آڈیو ویڈیو لیکس کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ لوگ اسی لیے تارکین وطن کو ووٹ دینے کا حق دینے کی مخالفت کر رہے تھے کہ ان کا ووٹ خرید نہیں سکتے الیکشن کمیشن اس کی تحقیقات کر کے قانون کے مطابق فیصلہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان بلدیاتی انتخابات کو شفاف اور جلد کرانے کا ویژن رکھتے ہیں۔ این اے ایک سو تینتیس کے الیکشن کے روز پی ٹی آئی الیکشن کمیشن کو سپورٹ کرے گی۔