مری؛ دوران برفباری سیزن سرکل مری میں گذشتہ سالوں کی طرح خصوصی ٹریفک پلان مرتب

72

مری،02 دسمبر(اے پی پی ): چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی کی جانب سے موسم سرما میں برفباری کے حوالے سے ملکہ کوہسار مری کی اہمیت کو مد نظر رکھتے ہوئے  ایک میٹنگ منعقد کی گئی ۔

اس موقع پر چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی تیمور خان نے سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی کی طرف سے بنائے گئے ٹریفک پلان کے حوالے سے تفصیلی بریفینگ دی۔  چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی تیمور خان کا کہنا تھا کہ دوران برفباری سیزن سرکل مری میں گذشتہ سالوں کی طرح خصوصی ٹریفک پلان مرتب کیا گیا ہے تا کہ دور دراز سے آنے والوں سیاحوں کو دوران سیزن ہر ممکنہ ٹریفک سہولیات فراہم کی جا سکیں اس حوالے سے مری شہر کی پانچ سڑکوں کو ون وے قرار دیا گیاہے کیونکہ مری میں صرف 3500گاڑیوں کی پارکنگ کی گنجائش ہے جبکہ ویک اینڈ کے دوران 60سے 70ہزار کے قریب گاڑیاں مری میں داخل ہوتی ہیں جس کو مد نظر رکھتے ہوئے پارکنگ مختص شدہ جگہوں پرکروائی جائے گی تا کہ ٹریفک کے بہاؤ میں خلل پیدا نہ ہو، دوران برفباری ہیوی گاڑیوں کو صرف مخصوص اوقات میں مری داخلہ کی اجازت ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ دوران برفباری سیزن سیاحوں کی سہولت اور انھیں ہر طرح کی سفری سہولیات کی فراہمی کے لیے300سو زائد ٹریفک وارڈنز 02ڈی ایس پیز اور6انسپکٹرز کے ساتھ اضافی نفری تعینات کی جائے گی برف باری کے دوران سیاحوں کی مدد کے لیے سٹی ٹریفک پولیس کی گاڑیاں، سنو بائیک ، لفٹرز ٹو ٹرک و کرین بھی پیٹرولنگ حالت میں ہوگی۔ سیزن کے دوران سیاحوں کی سہولت اور ٹریفک کی بلا تعطل روانی کو برقرار رکھنے کے لیے ٹریفک قوانین پر ہر صورت عملدرآمد کروایا جائے گااور خلاف ورزی کی صورت میں بلا امتیاز کاروائی عمل میں لائی جائے۔سیاحوں کی سہولت کے لئے بذریعہ پمفلٹ اوربینرز سے مری میں محفوظ اور آسان سفر کے لئے ہدایات جاری کی جائیں گی ،سیاحوں کو بروقت مدد فراہم کرنے اور ٹریفک پرابلم کو فوری طور پر حل کرنے کے لیے سنی بینک چوکی میں خصوصی کنٹرول روم بھی بنایا جائے گا۔ عوام کی سہولت کے لئے سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی کے افسران و جوان اپنی خدمات محنت اور لگن سے سر انجام دیں گیں ۔