خیبر پختونخواہ میں 19 دسمبر کو بلدیاتی انتخابات میں ​37ہزار 752 امیدوار حصہ لے رہے ہیں؛ وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسی

22

  اسلام آباد،2دسمبر  (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ  خیبر پختونخواہ میں 19 دسمبر کو بلدیاتی انتخابات میں ​37ہزار 752 امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی ٹی آئی کی کور کمیٹی کے اجلاس کا بنیادی ایجنڈا بلدیاتی انتخابات تھا، خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات 19 دسمبر کو ہو رہے ہیں جہاں 17 اضلاع میں 37 ہزار 752 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہے، مجموعی طور پر تحصیل چیئرمین اور میئر کے لئے 689 امیدواروں میں مقابلہ ہے جبکہ 19282 امیدوار نیبر ہڈ کونسلز میں الیکشن لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کا نیا سٹرکچر آئے گا، اس حوالے سے اتحادیوں سے بات ہوئی ہے۔

 وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پنجاب کا نیا لوکل گورنمنٹ ایکٹ آئندہ چند دنوں میں منظور ہو جائے گا جس سے پنجاب میں مقامی حکومتوں کا راستہ ہموار ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے بلدیاتی الیکشن ای وی ایم پر ہوں گے، پنجاب حکومت نے قانون میں پہلے ہی ترمیم کر دی ہے۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ الیکشن کمیشن درست سمت میں آگے بڑھ رہا ہے، ٹیکنیکل کمیٹیوں کی تشکیل سے معلوم ہوگا کہ کس طرح ہم نے ای وی ایم پر الیکشن کروانا ہے، اس حوالے سے جو بھی مدد درکار ہوئی، حکومت فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا میں مہنگے الیکشن کا تاثر غلط ہے، ای وی ایم پر الیکشن کی لاگت عمومی الیکشن پر آنے والی لاگت کے برابر ہوگی، ہمیں بار بار الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں خریدنا نہیں پڑیں گی اور اس طرح الیکشن کا پراسیس مزید سستا ہو جائے گا۔

سورس:وی   این ایس،  اسلام آباد