اسلام آباد،2دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز نے کہا ہے کہ آئندہ انتخابات میں ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو بھی ووٹ کا حق دیا گیا ہے، الیکشن کمیشن آف پاکستان کو انٹرنیشنل ٹینڈر کے ذریعے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا انتخاب کرنا چاہئے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں ایوان صدر میں انتخابی ترمیمی بل 2021پر دستخط کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں 23 ماہ باقی رہ گئے ہیں، تیاری کیلئے مناسب وقت دستیاب ہے، الیکشن کمیشن نے ای وی ایم اور اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ کیلئے تین ٹیکنیکل کمیٹیاں بنا دی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے وعدہ کیا تھا کہ ہم ملک میں انتخابات کو شفاف اور منصفانہ بنانے کے لئے ٹیکنالوجی کا استعمال کریں گے۔ صدر مملکت ، وزیراعظم اور کابینہ کے اراکین نے اس میں دلچسپی لی، نئی قانون سازی کے بعد اب ہمارے پاس مناسب وقت ہے تاکہ اس کو عملی جامہ پہناسکیں ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں ہر الیکشن کے بعد دھاندلی کا شور مچتا ہے جس نے ملک کو عدم استحکام سے دوچار کیا ہے،2010میں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ذریعے انتخابات کرانے میں 5سے 10سال لگیں گے ، اس لئے اب ہمیں ٹیکنالوجی کا استعمال کرنا چاہئے ، وزیراعظم نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین بنانے کے لئے 90دن کا وقت دیا تھا جسے وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے تیار کیا ہے۔
شبلی فراز نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان اس بات کا فیصلہ کرے کہ اس نے انتخابات میں کونسی مشین استعمال کرنی ہے ، الیکشن کمیشن نے 3کمیٹیاں بھی بنا دی ہیں جس میں ایک تکنیکی کمیٹی بھی شامل ہے ۔ انہوں نے کہاکہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کی تیاری کے لئے وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے حکام نے دن رات محنت کی اور اس خواب کو حقیقت کا روپ دیا ۔انہوں نے کہاکہ بیرون ملک مقیم پاکستانی قیمتی زرمبادلہ پاکستان بھیجتے ہیں ، انہیں ووٹ کا حق دیا گیا ہے جو ملک کے لئے اہم ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ آج کا دن ہماری جمہوری تاریخ کا یادگار دن ہے ، الیکشن کمیشن آف پاکستان کو انٹرنیشنل ٹینڈر کے ذریعے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا انتخاب کرنا چاہئے ۔
سورس:وی این ایس، اسلام آباد