احساس راشن پروگرام کا مقصد دو کروڑ گھرانوں کو شفاف انداز میں سبسڈی فراہم کرنا ہے؛ڈاکٹر ثانیہ نشتر

58

اسلام آ باد ،03 دسمبر(اے پی پی ): معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ و تخفیف غربت سینیٹر ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا ہے کہ احساس راشن پروگرام کا مقصد دو کروڑ گھرانوں کو شفاف انداز میں سبسڈی فراہم کرنا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے  بین الاقوامی مشاورتی کلینک بعنوان فوڈ سبسڈی اصلاحات سے خطاب میں کیا۔عالمی بینک کے زیراہتمام منعقدہ اس تقریب کا مقصد پاکستان کے احساس راشن رعایت پروگرام کیلئے عالمی فوڈ سبسڈی پروگراموں پر پالیسی مشاورت تھا اور انڈونیشیا، مصر اور امریکہ کے فوڈ سبسڈی تجربات پر روشنی ڈالی۔

اس موقع پر ڈاکٹر ثانیہ نے احساس راشن پروگرام کی بنیادی خصوصیات اور ڈیجیٹل خدوخال پر بھی روشنی ڈالی۔ تقریب سے خطاب میں ڈاکٹر ثانیہ کا کہنا تھا کہ احساس راشن رعایت پروگرام  کے تحت کم آمدنی والے گھرانوں اور کریانہ دکانداروں کی رجسٹریشن ملک میں اس وقت جاری ہے۔

عالمی ماہرین نے پاکستان کے احساس راشن رعایت پروگرام کی ڈیجیٹل نوعیت کی بھرپور پذیرائی کی۔بین الاقوامی مشارتی کلینک میں واشنگٹن، جکارتہ، قاہرہ، اسلام آباد اور کراچی سے فوڈ سبسڈی ماہرین نے شرکت کی۔

سورس:وی این ایس،اسلام آ باد