سکھر،06دسمبر (اے پی پی):آل پاکستان لوکل گورنمنٹ ورکرز فیڈریشن کی جانب سے مطالبات کے حق میں دفتروں کی تالا بندی کرکے کام چھوڑ ہڑتال کی گئی، مطالبات کے حق میں میونسپل کارپوریشن دفتر سے سکھر پریس کلب تک ریلی نکالی گئی اور دھرنا دیکر فلک شگاف نعریبازی کی گئی،دھرنے کی قیادت آل پاکستان لوکل گورنمنٹ ورکرز فیڈریشن کے رہنما علی مردان شیخ ،دانش قریشی،،شاہد جتوئی،ارباب کیریو ،سعید احمد مہرو دیگر کررہے تھے۔
اس موقع پر مذکورہ رہنماؤں نے کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے بلدیاتی ملازمین کے مسائل حل نہ ہونے کی وجہ ملازمین میں شدید بے چینی ہے۔ہمارے پر امن احتجاجوں کے باوجود ہمارے مطالبات تسلیم نہیں ہور ہے ہیں۔ ملازمین کراچی سے کشمور تک عوام کی خدمت کررہے ہیں لیکن انکے مسائل حل نہیں کئے جارہے جو سراسر ظلم و زیادتی ہے۔ رہنماؤں نے مزید کہا کہ ہمارے احتجاج کے بعد سیکریٹری لوکل گورنمنٹ نے یقین دہانی کرائی تھی کہ تنخواہیں اور پنشن آن لائن ٹریثریری کرائینگے لیکن اس پر بھی عملدرآمد نہیں ہوا جس پر دلبرداشتہ ہوکر دفاتر کی تالا بندی اور کام چھوڑ احتجاج پر مجبور ہوگئے ہیں۔