ملک عدنان نوجوانوں کے لئے مثال ہیں، انسانوں کے معاشرے میں ہی کمزور کی قدر کی جاتی ہے،وزیراعظم عمران خان کا آنجہانی پریانتھا کمارا کی یاد میں منعقدہ تعزیتی ریفرنس سے خطاب

6

اسلام آباد۔7دسمبر  (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سیالکوٹ میں مذہب کے نام پر ظلم کرنے والوں کو نہیں چھوڑا جائے گا، آئندہ ایسا کوئی واقعہ نہیں ہونے دیا جائے گا، نبی کریمۖ ﷺ تمام انسانیت کیلئے رحمت بن کر آئے، اسلام تلوار سے نہیں بلکہ ایک فکری انقلاب سے پھیلا، عشق رسولۖ ثابت کرنے کا بہترین طریقہ آپۖ کے بتائے ہوئے راستہ پر عمل پیرا ہونا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آنجہانی پریانتھا کمارا کی یاد میں منگل کو وزیراعظم آفس میں منعقدہ تعزیتی ریفرنس اور پریانتھا کمارا کی جان بچانے کیلئے جرات اور بہادری کا مظاہرہ کرنے والے ملک عدنان کو توصیفی سند عطا کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین، وفاقی وزراء حماد اظہر، غلام سرور خان، شیریں مزاری، وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب، زرتاج گل، وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل، وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی طاہر اشرفی اور سری لنکا کے ہائی کمشنر موہن وجے وکرما کے علاوہ پریانتھا کمارا کی جان بچانے کی کوشش کرنے والے ملک عدنان بھی شریک ہوئے۔ تقریب میں ملک عدنان کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے تیار کی گئی خصوصی دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی جبکہ وزیراعظم عمران خان نے ملک عدنان کو سند اعزاز بھی عطا کی۔  تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ سیالکوٹ کا واقعہ شرمناک اور افسوسناک ہے لیکن ہمیں ملک عدنان پر فخر ہے جس نے سری لنکن شہری کی جان بچانے کیلئے اپنی جان کو خطرے میں ڈالا اور جرات اور بہادری کی مثال قائم کی، ہمیں ایسے رول ماڈل کی ضرورت ہے، ملک عدنان اس ہجوم میں ایک ایسا شخص تھا جو راہ حق پر اور حیوانوں کے سامنے کھڑا تھا، مجھے امید ہے کہ نوجوان ان کو اپنا رول ماڈل بنائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک عدنان نوجوانوں کے لئے مثال ہیں، انسانوں کے معاشرے میں ہی کمزور کی قدر کی جاتی ہے۔