رحمت اللعالمین اتھارٹی کا مقصد سیرتِ نبوی سے آگاہی، نفرتوں اور فرقہ واریت کی تقسیم کا خاتمہ ہے،وزیراعظم عمران خان کا آنجہانی پریانتھا کمارا کی یاد میں منعقدہ تعزیتی ریفرنس سے خطاب

20

اسلام آباد۔7دسمبر  (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ رحمت اللعالمین اتھارٹی کا مقصد سیرتِ نبوی سے آگاہی، نفرتوں اور فرقہ واریت کی تقسیم کا خاتمہ ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آنجہانی پریانتھا کمارا کی یاد میں منگل کو وزیراعظم آفس میں منعقدہ تعزیتی ریفرنس اور پریانتھا کمارا کی جان بچانے کیلئے جرات اور بہادری کا مظاہرہ کرنے والے ملک عدنان کو توصیفی سند عطا کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین، وفاقی وزراء حماد اظہر، غلام سرور خان، شیریں مزاری، وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب، زرتاج گل، وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل، وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی طاہر اشرفی اور سری لنکا کے ہائی کمشنر موہن وجے وکرما کے علاوہ پریانتھا کمارا کی جان بچانے کی کوشش کرنے والے ملک عدنان بھی شریک ہوئے

  وزیراعظم نے کہاکہ پوری پاکستانی قوم نبی کریمۖ ﷺ سے عشق کرتی ہے اور اس کے اظہار کا طریقہ یہ ہے کہ ہم آپۖ ﷺ کے بتائے ہوئے راستہ پر چلیں، آپۖ کا راستہ کچھ اور ہے لیکن قوم کسی اور طرف جا رہی ہے، عشق رسولۖ کا تقاضا ہے کہ ہم آپۖ کی تعلیمات کے مطابق طرز عمل اختیار کریں، ہم نے رحمت اللعالمین اتھارٹی تشکیل دی ہے تاکہ نبی کریمۖ ﷺ کی حقیقی تعلیمات سے معاشرے کو آگاہ اور روشناس کرایا جائے، نبی کریمۖ ﷺ تمام انسانوں میں سب سے عظیم ہیں اور غیر مسلم بھی آپۖ کی عظمت کو تسلیم کرتے ہیں۔