ترکی میں مقیم شامی مہاجرین کیلیئے امدادی سامان سے متعلق صدر پاکستان کو بریفنگ دی گئی۔

320

اسلام آباد مارچ 09 (اے پی پی): صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکی نے  ہمیشہ پناہ گزینوں کے مسائل کو حل کے لیے  مثبت اقدامات کیے ہیں۔دونوں برادر ملک آئندہ بھی باہمی تعاون کے ساتھ انسانیت کی خدمت کرتے رہیں گے۔

صدر مملکت نے یہ بات پاکستان ہلال احمر کی جانب سےترکی میں مقیم شامی مہاجرین  کو  امدادی سامان کی فراہمی کے موقع پر ایوان صدر میں منعقدہ  بریفنگ میں بات چیت کرتے ہوئے کہی  جس میں ترکی کے سفیر   برائےپاکستان  صادق بابر گرگن، پاکستان ہلال احمر کے چیئرمین ڈاکٹر  سعید الہٰی  اور دیگر  اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر ہلال احمر کے چیئرمین سعید الہٰی  نے امدادی سامان کی فراہمی کے متعلق صدر مملکت کو بریفنگ دی  ۔

صدر مملکت نے کہا کہ ترکی نے  تیس لاکھ سے زائد شامی مہاجرین کو اپنی سر زمین پر پناہ فراہم کرکے یورپی اور دیگر ممالک کے لیے مثال قائم کی ہے۔انھوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان ہلا ل احمر کی جانب سے دی جانے والی شامی مہاجرین کے مسائل کی کمی کا باعث بنے گی۔ انہوں نے پاکستان ہلا ل احمر کی جانب سے دی جانے والی امداد کے اقدام اور انسانیت کی خدمت کے لیے کی جانے والی کوششوں کو بھی سراہا۔

صدر مملکت نے مزید کہا کہ پاکستان اور ترکی کے برادرانہ تعلقات عقیدے ، ثقافت اور تاریخی ورثے سے جڑے ہیں۔ ترکی کی جانب سے پاکستان میں ۲۰۰۵ اور ۲۰۰۸ کے زلزلوں کے موقع پر دی جانے والی امدادبھی قابل ستائش ہے۔

تقریب میں ترکی کے سفیر برائے پاکستان صادق بابر گرگین نے حکومت پاکستان کا شامی مہاجرین کے لیے امدادی سامان فراہم کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

اے پی پی حمزہ/وی این ایس اسلام آباد