کہ مہران پارک حسین آباد کو تین کروڑ روپے کی لاگت سے از سر نوبحال کیا گیا ہے، کمشنر حیدرآباد محمد عباس بلوچ

39

حیدرآباد، 15 دسمبر  (اے پی پی): کمشنر حیدرآباد محمد عباس بلوچ نے کہا ہے کہ مہران پارک حسین آباد کو تین کروڑ روپے کی لاگت سے از سر نوبحال کیا گیا ہے جوکہ حیدرآباد کے شہریوں کیلئے ایک بہترین تفریحی مقام ثابت ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج مہران پارک حسین آباد کے ضمن میںمفاہمت کی یاداشت پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی ٹنڈو جام ڈاکٹر فتح محمد مری ، ڈپٹی کمشنر حیدرآباد فواد غفار سومرو، ونگ کمانڈر 73ونگ قاسم رینجرس لیفٹینینٹ کرنل سلمان، ایڈمنسٹریٹر بلدیہ اعلیٰ حیدرآباد شعیب احمد ملک ، میونسپل کمشنر حیدرآباد ناصر شاکر صدیقی ، اسسٹنٹ کمشنر لطیف آباد محمد فہد میر سہتو ، ڈی ایس آر 73ونگ قاسم رینجرس حبیب الرحمان کے علاوہ ادارہ ترقیات حیدرآباد ، محکمہ آبپاشی و دیگر محکموں کے افسران تقریب میں موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر حیدرآباد نے مزید کہا کہ یہ پارک سال 2005 میں تعمیر کیا گیا تھا جوکہ سال 2010کے سیلاب میں بلکل بھی ختم ہو گیا تھاجس کو اب قاسم رینجرز کی نگرانی میں بلدیہ اعلیٰ حیدرآباد کی جانب سے زرعی یونیورسٹی ٹنڈو جام کے تعاون سے دوبارہ بحال کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس پارک کی از سر نو بحالی میں ڈپٹی کمشنر حیدرآباد اورقاسم رینجرز کا اہم کردار ہے۔ کمشنر حیدرآباد نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج ایم او یو سائن کیا گیا ہے جس کے تحت یہ پارک ادارہ ترقیات حیدرآباد سے لیکر بلدیہ اعلیٰ حیدرآباد کے حوالے کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ رانی باغ کے بعد یہ دوسرا بڑا پارک ہے جوکہ حیدرآباد کے شہریوں کیلئے ایک حسین تحفہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ دریائے سندھ سے متصل ہونے کے باعث یہ پارک ایک اور اہم پکنک پوائنٹ کی شکل اختیار کرے گا ۔ انہوں نے کہا کہ اس پارک کو چلانے کیلئے زرعی یونیورسٹی ٹندو جام کے وائس چانسلر کی سربراہی میں ایک مینئجمینٹ کمیٹی تشکیل دی جا رہی ہے جو کہ پارک کی آمدنی اور اخراجات کے امور طے کرے گی۔ کمشنر حیدرآباد نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ پارک میں مسجد ، بیت الخلاء، بچوں کے تفریح کیلئے جھولے ، فن لینڈ ، دریائے سندھ میں تیراکی ، بوٹنگ کے مواقع میسر کےے جائیں جبکہ لوگوں کی جان اور مال کی حفاظت کیلئے رینجرس اور پولیس کا اہم کردار ہوگا جبکہ غوطہ خوروں کا بھی انتظام ضروری ہے۔ کمشنر حیدرآبادنے یہ بھی ہدایت کی کہ پارک میں ایک لائبریری بھی قائم کی جائے جبکہ پارک گھومنے والے لوگوں کیلئے معقول فیس کا تعین کرنے کیلئے مینئجمینٹ کمیٹی کو ہدایت کی۔ انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ پارک مزید بہتر بنانے کیلئے زرعی یونیورسٹی ٹنڈو جام ، فاریسٹ ، آبپاشی اور رینجرز کی خدمات حاصل کی جائیں ۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے زرعی یونیورسٹی ٹنڈو جام کے وائس چانسلر ڈاکٹر فتح محمد مری نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی ٹنڈو جام کا کام سندھ کو سرسبز بنانا ہے اور اس بنیاد پر کمشنر حیدرآباد کی خواہش پرحیدرآباد کے رانی باغ اور مہران پارک حسین آبادپارک کی از سر نو بحالی یو یقینی بنایا گیا ہے جبکہ مہران پارک حسین آباد کو چلانے اور اس کو مزید بہتر بنانے کیلئے زرعی یونیورسٹی ٹنڈو جام کی جانب سے مینئجنگ کمیٹی کی مشاورت سے ایک ایڈمنسٹریٹر مقرر کیا جائے گا جبکہ زرعی یونیورسٹی ٹنڈو جام کی جانب سے سندھ کو سر سبز بنانے کیلئے ہر ممکن تعاون جاری رہے گا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر حیدرآباد فواد غفار سومرو نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پارکس اورقبرستان کی دیکھ بھال کی ذمہ داری لوکل گورنمینٹ کے اداروں پر عائد ہوتی ہے اس کے باوجود ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ان کے ساتھ بھرپور تعاون کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس پارک کو چلانے میں بھی ہر ممکن تعاون کیا جائیگا۔