کراچی۔18دسمبر (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان میں پانی سے پچاس ہزار واٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت ہے۔انہوں نے کہا کہ جہاں تک توانائی کا تعلق ہے ہم قابل تجدید توانائی کے لیے تیزی سے جانا چاہیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو سندھ گورنر ہاؤس میں مکینیکل فیلڈ سپورٹ (ایم ایف ایس ) پاکستان کی لانچنگ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ہوا اور شمسی جیسی قابل تجدید توانائی چوبیس گھنٹے بجلی پیدا نہیں کر سکتیں۔انہوں نے کہا کہ توانائی کی سپلائی کی بنیاد اب بھی کوئلے یا تیل پر مبنی تھرمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں بجلی بہت مہنگی پڑ رہی ہے تاہم بہتر منصوبہ بندی سے تمام نظام بہتر ہو جائیں گے۔ایم ایف ایس کو مبارکباد دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ ایک خوش آئند تبدیلی ہے کہ ایک سروس انڈسٹری قائم ہو رہی ہے جس سے پاکستان خطے میں منفرد مقام حاصل کر سکتا ہے۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ایک نئی سروس انڈسٹری وجود میں آ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد ہے جسے بتدریج سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی کی طرف لے جا رہے ہیں جس کی دنیا کو اشد ضرورت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت ملک میں نچلی اور اعلی سطح پر افرادی قوت کو ہنر مند بنانے اور معیاری تعلیم فراہم کرنے پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے۔