اسلام آباد، 19دسمبر ( اےپی پی):او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس کے موقع پر کرغزستان کے نائب وزیر خارجہ ایبک آرتک بائف نے وفد کے ہمراہ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات ،علاقائی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ ء خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نےکہا کہ پاکستان جمہوریہ کرغزستان کے ساتھ اپنے قریبی برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے جو مشترکہ عقیدے، تاریخی اور ثقافتی رشتوں سے بندھے ہوئے ہیں۔پاکستان، کرغستان کے ساتھ سیاسی، تجارتی اور سرمایہ کاری تعلقات کے فروغ ،اور عوام کی سطح پر روابط بڑھانے کا متمنی ہے۔ہم اپنی کراچی اور گوادر کی بندرگاہوں کے ذریعے وسط ایشیائی ریاستوں کو سمندر تک مختصر اور آسان رسائی کی پیشکش کرتے ہیں۔
انہوں نےمزیدکہاکہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کے فروغ کیلئے، کاروباری وفود کے باقاعدہ تبادلے، تجارتی میلوں کے انعقاد اور تاجروں کے لیے سازگار ماحول کی تشکیل بہت ضروری ہے۔
وزیر خارجہ نے کرغستان کے وزیر خارجہ سے پاکستانی شہریوں کیلئے سیاحتی اور وزٹ ویزوں کے اجراء پر عائد پابندیوں پر نظرثانی کا مطالبہ کیا۔
کرغزستان کے نائب وزیر خارجہ نے او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس کی کامیاب میزبانی اور بہترین انتظامات پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو مبارکباد دی۔











