نواز شریف کبھی ملکی سیاست میں نہیں آ سکتے، (ن) لیگ والے خواب دیکھنا چھوڑ دیں؛ڈاکٹر شہباز گل

47

بہاولنگر،25دسمبر (اے پی پی):ترجمان وزیراعظم و معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ نواز شریف کبھی ملکی سیاست میں نہیں آ سکتے، (ن) لیگ والے خواب دیکھنا چھوڑ دیں ،وزیراعظم عمران خان کبھی بھی کرپٹ مافیا کو این آر او نہیں دیں گے،قومی خزنے سے اربوں لوٹنے والے نواز شریف علاج کے بہانے ملک سے فرار ہوئے، نواز شریف کو عدالتوں نے جھوٹا اور نا اہل قرار دیا ہے ، چاہتے ہیں نواز شریف وطن واپس آ کر عدالتوں اور قانون کا سامنا کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں  تحریک انصاف کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند دنوں سے مسلم لیگ (ن) کی جانب سے ایک بیانیہ دیا جا رہا ہے کہ نواز شریف کی ڈیل ہو رہی ہے اور وہ اب ملک واپس آ رہے ہیں، وہ نواز شریف جنہوں نے پنجاب میں دھوکہ دہی سے اپنےپلیٹ لیٹس کم کرنے کے حوالے سے جھوٹ بولا اور نواز شریف کی صحت کو لے کر ایک حشر برپا کیا گیا، اس کے بعد نواز شریف نے ملک سے فرار اختیار کی لیکن لندن جاتے ہی نواز شریف ایسے ہشاش بشاش ہو گئے جیسے کچھ ہوا ہی نہ ہو۔

شہباز گل نے کہا کہ نواز شریف نے بیرون ملک جا کر جھوٹ بولے، تقریریں کیں اور عدلیہ و قومی اداروں کے خلاف بدزبانی کی۔ انہوں نے کہا کہ اب نواز شریف کے پاسپورٹ کی مدت ختم ہو گئی ہے، ہم نے نواز شریف کے پاسپورٹ کی مدت میں توسیع کی ہے نہ ہی کریں گے، اب جیسے ہی نواز شریف کا ویزہ مسترد ہو وہ پاکستان واپس آئیں، ہم چاہتے ہیں کہ وہ ملک واپس آ کر جیل میں اپنی سزا کی مدت پوری کریں۔

معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ عدالتوں کے فیصلوں کے پیش نظر وزیراعظم عمران خان نے نواز شریف کو خالصتاً انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر علاج کے لئے بیرون ملک جانے دیا تھا۔انہوں نے کہا کہ شریف خاندان کی ملوں میں کام کرنے والے ڈرائیورز اور کلرک جن کی تنخواہیں ماہانہ 9، 9 ہزار روپے ہیں، ان ملازمین کے اکائونٹس میں اربوں روپے کہاں سے آ گئے، ان سب کے نام، اکائونٹ نمبر اور بینک سٹیٹمنٹس سامنے آ چکی ہیں اور ایف آئی اے میں چالان پیش ہو چکا ہے، شریف خاندان اس بات کا جواب نہیں دیتا کہ ان کی ملوں میں کام کرنے والے 16 ملازمین کے اکائونٹس میں 17000 ٹرانزیکشنز کیسے ہو گئیں اور 16 ارب روپے ان کے ملازمین کے اکائونٹس میں کہاں سے آ گئے۔

شہباز گل نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کرسی پر رہیں یا نہ رہیں، وہ کسی بھی صورت ان کرپٹ لوگوں کو این آر او نہیں دیں گے، وزیراعظم عمران خان حکومت میں ہوں یا اپوزیشن میں ہوں، ہم عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں اور کرپشن کا حساب ضرور لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں ڈی اے پی کے فی تھیلے کا ریٹ 7 سے 8 ہزار روپے ہے لیکن پاکستان میں ڈی اے پی سستی مل رہی ہے، پی ٹی آئی حکومت ڈی اے پی بنانے کے لئے کمپنیوں کو سبسڈی دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ دو سے تین ماہ میں مہنگائی میں کمی ہونا شروع ہو جائے گی، ہم کاشتکاروں کو دوبارہ خوشحال بنائیں گے، وزیراعظم عمران خان ملک میں مختلف مافیاز کے ساتھ لڑ رہے ہیں اور وہ کبھی بھی ان مافیاز کے سامنے نہیں جھکیں گے۔

سورس: وی این ایس، بہاولنگر