جلالپورپیروالا، 30 دسمبر (اے پی پی ):سہولت بازار میں معیار و مقدار اور اشیائے خوردونوش کی عدم دستیابی کی شکایات پر تحصیلدار جلالپورپیروالا و سپیشل پرائس کنٹرول مجسٹریٹ محمد عامر مجتبی خان نے تحصیل انتظامیہ و سول ڈیفنس عملہ کے ہمراہ اچانک سہولت بازار کا دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے تمام سٹالز کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ معیار و مقدار کو بھی چیک کیا۔
سپیشل پرائس کنٹرول مجسٹریٹ محمد عامر مجتبی خان نے تاجروں کو سخت ہدایت کی کہ کسی صورت اشیائے خوردونوش کی کمی نہ ہو اور مناسب ریٹس پر شہریوں کو تمام ضروریات زندگی فراہم کی جائیں۔ انہوں نے سہولت بازار انتظامیہ کو ہدایت کی کہ عوام کو دی جانے والی سہولیات میں کوتاہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور ہر صورت عوام کو بہتر سہولیات مہیا کریں۔
انہوں نے میڈیا بریفنگ کے دوران کہا کہ تمام معاملات کا خود جائزہ لے رہا ہوں، انشااللہ سہولت بازار کو قائم رکھا جائے گا اور اس میں تمام ضروریات زندگی کی اشیا عوام کو فراہم کی جائیں گی ،عوام کی شکایات کے ازالے کے لئے ایک مستعد ٹیم بھی سہولت بازار میں متعین کردی گئی ہے۔