بہاولنگر؛شمالی وزیرستان میں شہید ہونے والے پاک فوج کے حوالدار محمد منور بھٹی کی نماز جنازہ ادا ، فوجی اعزاز کے ساتھ تدفین کردی گئی

69

بہاولنگر،31دسمبر(اے پی پی): بہاولنگر ضلع کا ایک اور بہادر سپوت مادروطن پر قربان ہوگیا، شمالی وزیرستان میں گذشتہ روز ملک دشمن دہشت گردوں کے ساتھ مقابلے میں جام شہادت نوش کرنے والے پاک فوج کے حوالدار محمد منور بھٹی کی نماز جنازہ آبائی علاقہ بہاولنگر چک سوائی والا میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں پاک فوج کے افسران،اہل علاقہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

 نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد شہید کے جسد خاکی کو آبائی قبرستان لیجایا گیا جہاں شہید کی مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ تدفین کی گئی پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے شہید کو سلامی پیش کی ، شہید کی قبر پر سبز ہلالی پرچم  بھی لہرایا گیااور آرمی چیف اور دیگر کی جانب سے پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں۔

شہید کی نماز جنازہ تدفین کے موقع پر پرجوش جذباتی مناظر نظر آئے۔ فضا نعرہ تکبیر، نعرہ رسالت، پاکستان زندہ باد، پاک فوج زندہ باد کے نعروں سے گونجتی رہی۔

 شہید محمد منور بھٹی سال 2002 میں بطور سپاہی پاک فوج میں شامل ہوئے تھے۔ شہید محمد منور بھٹی کے سوگواران میں والدہ ، اہلیہ ، ایک بیٹا اور 3 بیٹیاں ، 1 بھائی اور 7 بہنیں شامل ہیں۔