کراچی،31دسمبر (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان کوارٹرز کے اربن ر ی جنریشن پلان پر بروقت عمل درآمد شفاف اور موثر طریقے سے ہونا چاہئے، بدقسمتی سے ماضی میں نچلے طبقے کو گھر کی فراہمی پر کچھ بھی اہم کام نہیں ہوا، حکومت نے نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کے تحت گھروں کیلئے رعایتی قرضہ سکیم شروع کی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو پاکستان کوارٹرز سےمتعلق گورنر ہاؤس سندھ میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کوارٹرز کے اربن ری جنریشن پلان پر بروقت عمل درآمد شفاف اور موثر طریقے سے ہونا چاہئے، گھر نچلے اور متوسط طبقے کی بنیادی ضرورت ہے، بدقسمتی سے، ماضی میں نچلے طبقے کو گھر کی فراہمی پر کچھ بھی اہم کام نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کے تحت گھروں کیلئے رعایتی قرضہ سکیم شروع کی ہے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان کوارٹرز کراچی کے قابل عمل حل پر وزارت ہاؤسنگ و تعمیرات اور وفاقی کابینہ کو سراہا۔
صدر مملکت کو گزشتہ اجلاسوں کے دوران کئے گئے فیصلوں پر ہونے والی پیشرفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔اجلاس میں گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وزارت ہائوسنگ و تعمیرات کے حکام نے بھی شرکت کی۔