ملتان، 31 دسمبر (اے پی پی ):سیکرٹری ہاؤسنگ جنوبی پنجاب جاوید اختر محمود نے کہا ہے کہ بہاولپور شہر اور دیہاتی علاقوں میں صاف پانی کی فراہمی اور سیوریج لائنز کی بحالی اور اپ گریڈیشن پر ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہے۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار بہاولپور میں جاری ترقیاتی سکیموں کے جائزے، بریفنگ اور بی ایچ یو بستی ملوک کے دورہ کے موقع پر کیا۔ سیکرٹری ہاؤسنگ نے کہا کہ ٹف ٹائلز سٹینڈرڈ تصدیق شدہ لگائی جائیں۔ 7000 PSIمعیاری ٹف ٹائلز کی تنصیب کو یقینی بنایا جائے۔ منصوبوں میں معیاری میٹیریل کا استعمال یقینی بنایا جائے۔ تمام ترقیاتی منصوبوں کے ٹینڈرز جلد از جلد کئے جائیں۔کووڈ ویکسینیشن مہم میں عوامی تعاون بھی درکار ہے۔
سیکرٹری ہاؤسنگ نے کہا کہ جو پروجیکٹس التواء کا شکار ہیں ان پر فوری کام شروع کیا جائے۔مقدمات کے شکار ٹینڈرز پر بھی کارروائی کو جلد مکمل کیا جائے۔ منصوبوں پر ایڈمن کی منظوری کے بعد کاموں کو جلد مکمل کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔ٹف ٹائلز کو وال ٹو وال اور فاصلہ کے بغیر لگایا جائے۔
سیکرٹری ہاؤسنگ نے اختر آباد اور تحصیل 16میں منصوبوں کا جائز ہ لیتے ہوئے کہا کہ ٹف ٹائلز کو معیار کے مطابق لگایا جائے۔اس میں کوتاہی برداشت نہیں ہوگی۔ شہر میں جاری منصوبوں کو جلد از جلد اور مقررہ وقت پر مکمل کیا جائے۔
اس موقع پر کمشنر بہاولپور، ڈی سی بہاولپور، ایکسیئنز، ڈی جی پی ایچ اے اور ڈپٹی سیکرٹری زاہد اقبال بھی موجود تھے۔