فیصل آباد،3جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ پاکستان میں اس وقت مکمل طور پر سیاسی اور معاشی استحکام ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان عام آدمی کی زندگی کو آسان بنانے کے لئے کوشاں ہیں، عالمی منڈی میں کموڈیٹی اور انرجی پرائسز کم ہونا شروع ہو گئی ہیں، اس کا براہ راست فائدہ عوام کو پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان استحکام کی جانب بڑھ رہا ہے، ملک میں مکمل سیاسی اور معاشی استحکام ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سے مذاکرات مکمل ہو گئے ہیں، ان شاءاللہ وسط جنوری تک فنانس (ترمیمی) بل بھی منظور ہو جائے گا۔ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں استحکام آ رہا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ تیل، گھی اور دالوں کی یہاں پیداوار نہیں ہوتی، ان کی قیمتیں ہم طے نہیں کرتے، ہم صرف ان چیزوں کی قیمتوں کا تعین کر سکتے ہیں جو پاکستان کے اندر پیدا ہوتی ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان کے اندر پیدا ہونے والی اشیاءکی قیمتیں اس وقت اس پورے خطے میں سب سے کم ہیں، بیرون دنیا میں تیل کی قیمتیں بڑھیں گی تو یہاں بھی اضافہ ہوگا، قیمتیں کم ہوں گی تو یہاں بھی کم ہوں گی۔