سماجی بہبود کے اقدامات پر پارٹی ورکرز کے ساتھ  مشاورت  کی جائے گی؛وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا

31

پشاور،6جنوری  (اے پی پی):وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں نا اتفاقی کی وجہ سے ہمیں بہت نقصان ہوا لہذا اب پارٹی کے اندر کے اختلافات کو ختم کرکے بقیہ اضلاع میں ہونے والے انتخابات میں پی ٹی آئی کے امیدوار وں  کی کامیابی کے لئے جدو جہد کرنی ہے، پارٹی ورکرز کو یقین   دلایا ہے کہ  سماجی بہبود کے اقدامات پر پارٹی ورکرز کے ساتھ  مشاورت  کی جائے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات  کو  مانسہرہ میں پارٹی ورکرز کنونشن سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ اب کے بعد ہر چھوٹی اور بڑی بات پارٹی ورکرز کے مشورے کے ساتھ کریں گے۔ انہوں نے پارٹی ورکرز میں اتفاق اور اتحاد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ضلع مانسہرہ میں بڑے پراجیکٹس جن میں واٹر سپلائی اسکیم، میڈیکل کالج، مانسہرہ بائی پاس اور ہسپتال آپ گریڈیشن شامل ہیں کو اگلے دو سالوں کے دوران پورا کرکے دکھائیں گے۔ اس کے علاہ تمام دوسرے چھوٹے چھوٹے مسائل بھی حل کردیں گے۔

انہوں نے کہا کہ تحصیل بفہ اور مانسہرہ کو تین اضلاع میں تقسیم کرنے کے بارے میں جلد ازجلد اعلان کردیا جائے گا، ہم سب نے وزیراعظم عمران خان کے ساتھ خلوص نیت کے ساتھ کھڑے رہنا ہے۔

اس موقع پر  وفاقی وزراء پرویز خٹک، اعظم خان سواتی، عمر ایوب خان، صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی، ایم این اے صالح  محمد خان، معاون خصوصی وزیر اعلی خیبرپختونخوا احمد حسین شاہ، رکن صوبائی اسمبلی بابر سلیم سواتی، نواب زادہ فرید اور پارٹی ورکرز کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔