لاہور،06جنوری(اے پی پی): وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے چیف منسٹر انٹرن شپ پروگرام کے تحت میڈیا گریجوایٹس میں سرٹیفکیٹس وچیک تقسیم کئے،وزیراعلیٰ پنجاب چیف منسٹر آفس میں منعقدہ تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے چیف منسٹرانٹرن شپ پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کے لئے ایک لاکھ ملازمتوں کو بڑھا کر ڈیڑھ لاکھ تک لے جارہے ہیں،باصلاحیت اورتعلیم یافتہ نوجوانوں کو میرٹ پر ملازمتیں دیں گے،پنجاب کے نوجوانو ں کو ملازمتوں کے لئے عمر کی حد میں 2سال کی رعایت دی جائے گی اور پی ایم ایس کے امتحان میں بھی امیدواروں کو عمر میں 2سال کی رعایت دیں گے اور کہا کہ پنجاب کی تاریخ میں 740ارب روپے کا سب سے بڑا ترقیاتی بجٹ دینے کا اعزاز ہماری حکومت کو حاصل ہواہے۔
عثمان بزدار نے کہا کہ گراس روٹ لیول پر ترقی کے ثمرات پہنچانے کے لئے 360 ارب روپے کا ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکیج دیاہےعوام کی بہتری کے لئے حکومت پوری طرح یکسو اور متحرک ہے، چیف منسٹر انٹرن شپ پروگرام کادائرہ کار مزید بڑھائیں گے اور کہا کہ کمیونیکیشن اور میڈیا سے متعلق جدیدتکنیک،ابلاغی ماڈل اور ریسرچ سے آگاہی ضروری امر ہے۔چیف منسٹر انٹرن شپ پروگرام کا مقصد میڈیا گریجوایٹس کو میڈیا اور کمیونیکیشن کے جدید تقاضوں سے روشناس کرانا ہےپاکستان کے بالخصوص پنجاب کے نوجوانوں کی خداداد صلاحیتوں کی پوری دنیا معترف ہے۔ڈی جی پی آر کی ٹریننگ عملی زندگی میں نوجوانوں کے لئے مفید ثابت ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ اطلاعات و ثقافت پنجاب میں اطلاعاتی، صحافتی اور ثقافتی اقدار کی ترویج و ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہا ہے ڈی جی پی آر سے تربیت یافتہ میڈیا گریجوایٹس صحافتی اور اخلاقی اقدار کو پیش نظر رکھتے ہوئے عملی زندگی میں قدم رکھیں گے۔چیف منسٹر انٹرن شپ اپنی نوعیت کا پاکستان کی تاریخ کا پہلا انٹرن شپ پراجیکٹ ہے،ڈی جی پی آرکا ادارہ حکومت کی کارکردگی کو عوام تک پہنچانے میں قابل قدر کرداراداکررہا ہے نوجوان میڈیا پرسنز کو فرائض کی انجام دہی میں معروضیت کو نظرانداز نہیں کرنا چاہیےحقائق کو من وعن پیش کرنا میڈیا پرسن کی بنیادی ذمہ داری ہے۔وزیراعلیٰ آفس کے دروازے عوام،طلبہ اور میڈیا کے لئے کھول دئیے گئے ہیں۔
عثمان بزدار نے کہا کہ ڈی جی پی آر کے زیر اہتمام انٹرن شپ پروگرام کامیابی سے مکمل کرنے والے گریجوایٹس مبارکباد کے مستحق ہیں اور دو سالہ چیف منسٹر انٹرن شپ پروگرام کے لئے 6کروڑ 70لاکھ روپے مختص کئے گئے ہیں،چیف منسٹر انٹرن شپ پروگرام میں 50فیصد کوٹہ طالبات اور 10فیصد ورکنگ جرنلسٹ کے بچوں کیلئے بھی مختص ہے۔
تقریب میں صوبائی وزیر رائے تیمور بھٹی، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ، ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز، ڈائریکٹر کوآرڈینیشن ڈی جی پی آر، ڈائریکٹر پبلک ریلیشن ملتان ڈویژن او رمتعلقہ حکام نے شرکت کی۔











