لاہور 10 جموری (اے پی پی )انٹلیکچوئل پراپرٹی آرگنائزیشن کی ڈائریکٹر جنرل شازیہ عدنان نے کہا ہے کہ انٹلیکچوئل پراپرٹی آرگنائزیشن (آئی پی او ) اسٹیک ہولڈر کے لیے رجسٹریشن کے عمل کو آسان بنانے کے لیے آن لائن کیا جا رہا ہے۔ آرٹسٹ کمیونٹی اورشوبز انڈسٹری سے وابسطہ افراد اس آؤٹ ریچ پروگرام کو کامیاب بنانے کیلئے آئی پی او پاکستان کا ساتھ دیں۔سوشل میڈیا اور دوسرے متعلقہ فورمز پرآرٹسٹ کمیونٹی کاپی رائٹ کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے فلم ،موسیقی ،ٹی وی فنکاروں اور شوبز انڈسٹری مصنفین اور دیگر اسٹیک ہولڈر کے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ آئی پی او پاکستان کاپی رائٹ قوانین میں ترمیم کے عمل سے گزر رہا ہے اور موجودہ مشق بھی اسی کوشش کا ایک حصہ ہے، اس مشن سے فنکار برادری کو ان کے حقوق سے آراستہ کرکے روشن اور بااختیار بنانا ہے۔فنکار برادری نے آئی پی او پاکستان کے اقدام کو سراہا اور اسے شوبز انڈسٹری اور فنکار برادری کے لیے ایک بہترین کاوش قرار دیا اور مستقبل میں بھی اپنی بھرپور شرکت اور نمائندگی کا یقین دلایا.ہدایت کار سید نور، فلمسٹار شاہد،فلمسٹار نشو بیگم، فلمسٹارغلام محی الدین، پاکستان فلم پروڈیوسرز ایسوسی ایشن کے وائس چیئرمین صفدر ملک، گلوکارہ زیب بنگش اور نتاشا نورانی، فلم ڈائریکٹرز حسن عسکری، الطاف حسین، مسعود بٹ اور فنکار برادری کے نمائندوں کی ایک بڑی تعداد سیمت ، فلم انڈسٹری سے وابستہ دیگر افراد نے کاپی رائٹ پروگرام میں شرکت کی۔