اسلام آباد،11جنوری (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کسی حکومت کو ہمارے جیسے چیلنجز کا سامنا نہیں کرنا پڑا اس کے باوجود مشکلات سے نکل آئے ہیں اور ملک میں قانون کی بالا دستی کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیر اہتمام 14ویں انٹرنیشنل چیمبرز سمٹ کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ریاست مدینہ دنیا کی تاریخ کا سب سے کامیاب ماڈل ہے، ریاست مدینہ کا مطلب لوگوں کی زندگیوں میں مثبت انقلاب ہے، ہم ریاست مدینہ کے سنہری اصولوں پر عمل پیرا ہو کر اپنی زندگیوں میں بہتری لا سکتے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ دنیا کی تاریخ میں جو بھی معاشرہ کامیاب ہوا ہے وہ ریاست مدینہ کے اصولوں کو اختیار کرکے ہی کامیاب ہوا ہے، ریاست مدینہ میں قانون کی حکمرانی، بالادستی اور انصاف تھا، ہماری جدوجہد بھی ملک میں قانون کی بالادستی قائم کرنے کیلئے ہے لیکن طاقتور مافیاز نہیں چاہتے کہ ملک میں قانون کی حکمرانی ہو، میری 22 سالہ سیاسی جدوجہد کرپشن کے خلاف ہے، میں کرپشن کے خلاف جدوجہد کو جہاد سمجھتا ہوں، کرپشن کے خلاف جنگ صرف عمران خان نے نہیں سارے معاشرے نے لڑنی ہے۔











