حکومت پنجاب کی ہدایت پر ملتان ڈویژن کے انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کا آغاز کر دیا گیا

17

ملتان، 19 جنوری(اے پی پی): حکومت پنجاب کی ہدایت پر ملتان ڈویژن کے انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کا آغاز کر دیا گیا ہے، کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد نے ڈویژن کی ٹوٹی سڑکوں کی مرمت و بحالی کی ہدایت کر دی ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام سرکاری عمارات کی مرمت،رنگ و روغن، مناسب بورڈ لگوائے جائیں اور خراب سٹریٹ لائٹس کی مرمت، بل بورڈ کے مقام کی انسپکشن کی جائے۔ کمشنر نے کہا کہ سیورج لائنوں کی صفائی ، پانی ٹینکوں کی کلورینیشن بھی کروائی جائے۔انہوں نے کہا کہ صفائی کی بہترین صورتحال یقینی بنائیں،کوڑےکی مناسب تلفی کے اقدامات کئے جائیں ۔

کمشنر نے بس اڈوں کی تزین و آرائش،صفائی ،مسافروں کو سہولیات مہیا کرنے کی بھی ہدایت کی  اور  ڈویژن کی خوبصورتی کیلئے وال چاکنگ کیخلاف کریک ڈاؤن کا حکم دیا ۔انہوں نے کہا کہ نسل نو کی مثبت سرگرمیوں کیلئے کھیلوں کے میدان اپ گریڈ کریں اور کسی بھی سانحہ سے بچنے کیلئے تمام خطرناک عمارتوں کا سروے کیا جائے۔

 کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد نے کہا کہ ڈویژن میں تمام پرانے پل، فلائی اوورز کی انسپکشن، مرمت کی جائے اور تمام سرکاری ہسپتالوں کی صفائی ، کلورین سے دھلائی کی جائے جبکہ پارکوں، گرین بیلٹس کی صفائی و بحالی بارے اقدامات تیز کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک میں رکاوٹ بننے والے پولز کو شفٹ کیا جائے اور  دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کیخلاف کریک ڈاؤن کیا جائے۔

کمشنر نے سکول کے بچوں کو روڈ کراس کروانے کیلئے روڈ کراسنگ اسسٹنٹ مقرر کرنے کی بھی ہدایت کی اور ڈویژن میں تمام گٹروں کے ڈھکن لگانے، ٹوٹے ڈھکن مرمت کرنے کا حکم دیا ۔انہوں نے وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا کہ کسی سانحہ کی صورت میں متعلقہ افسر کیخلاف ایف آئی آر درج کرواں گا۔

کمشنر نے کہا کہ جمعہ کے خطبات اور سکولوں میں صفائی بارے درس دیا جائے۔انہوں نے کہا کہ سول سوسائٹی کے تعاون کے بغیر بیوٹیفکیشن ٹاسک حاصل نہیں کیا جاسکتا ، ہر شعبہ ہائے زندگی کے فرد کو اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہوگا۔

  کمشنر نے تمام اداروں کو ایک ہفتے میں رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا اور کہا کہ تمام ادارے باہمی ربط بہتر بنا کر کارکردگی دکھائیں۔