اسلام آباد،20جنوری (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے چیئرمین سینیٹ سینیٹرمحمد صادق سنجرانی سے ان کے بھائی سالار سنجرانی کے انتقال پر تعزیت کی ہے ۔
جمعرات کو وزیراعظم عمران خان سے چیئرمین سینٹ سینیٹر محمد صادق سنجرانی نے ملاقات کی ۔ وزیراعظم نے چیئرمین سے ان کے بھائی سالار سنجرانی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے مرحوم کے درجات کی بلندی کے لئے خصوصی دعا کی۔ملاقات میں کراچی-کوئٹہ آر سی ڈی روڈ کو دو رویہ بنانے سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعظم نے بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کو یقینی بنانے کے لئے صوبے بھر میں سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر اور جدید بنانے کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے سی پیک کے تحت تعمیر ہونے والی سڑکوں خصوصاً مغربی روٹ کی تعمیر کو اس سلسلے میں اہم پیشرفت قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ اس سے صوبے میں معاشی اور معاشرتی ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔











