لاہور،21 جنوری ( اے پی پی ): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کااجلاس ہوا۔اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ملتان کیلئے ایڈیشنل ڈی جی پی آر کی پوسٹ اور ڈیجیٹل میڈیا ونگ، ڈی جی پی آر کی 5 خالی پوسٹوں پر بھرتی کی منظوری دے دی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے گورنمنٹ وقارالنساء پوسٹ گریجوایٹ کالج برائے خواتین راولپنڈی کو یونیورسٹی کا درجہ دینے کے چارٹر کی منظوری اور یورنیورسٹی کے قیام کی سکیم کو رواں مالی سال کے اے ڈی پی میں شامل کرنے کی منظوری بھی دی ۔
وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے ساہیوال کی ترقی کیلئے18سکیموں کی منظوری دے دی اور کہا کہ ضلع ساہیوال میں 50 کروڑ 50 لاکھ روپے کی لاگت سے سکیموں پر کام شرو ع کیا جائے گا۔انہوں نے سپورٹس وظائف، کیش ایوارڈز اور انتقال کرنے والے سابق کھلاڑیوں کے خاندانوں کیلئے 4 کروڑ روپے کی گرانٹ ان ایڈ کی منظوری دے دی۔
مشیر اقتصادی امور ڈاکٹر سلمان شاہ، ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور، چیف سیکرٹری، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ اور متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز نے اجلاس میں شرکت کی ۔صوبائی وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت اور صوبائی وزیر صنعت میاں اسلم اقبال نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔