اسلام آباد۔24جنوری (اے پی پی):تعلیم کا عالمی دن ہر سال 24 جنوری کو عالمی سطح پر منایا جاتا ہے۔ اس دن وزیراعظم کی معاون خصوصی سینیٹر ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے احساس تعلیمی وظائف ایپلی کیشن کا باقاعدہ آغاز کرنے کے لئے اسلام آباد کے مضافات میں اسلام آباد گورنمنٹ ماڈل کالج فار گرلز کوٹ ہتھیال کا دورہ کیا۔ “احساس تعلیمی وظائف” اینڈرائیڈ ایپلی کیشن کو خاص طور پر تیار کیا گیا ہے تاکہ احساس اہل خاندانوں کے بچوں کاان کے گھروں کی دہلیز پر سکولوں میں اندراج ممکن بنایا جا سکے۔تخفیف غربت و سماجی تحفظ ڈویژن کے مطابق تقریب کے دوران ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے خود ایک بچی کو اسکول کے وظیفہ پروگرام میں شامل کیا۔ انہوں نے بچوں، ماؤں اور اساتذہ کے ساتھ بیٹھی اور نئی متعارف کرائی گئی اینڈرائیڈ ایپ کے ذریعے ڈیجیٹل اندراج کے عمل کے بارے میں رہنمائی فراہم کی۔ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا، “تعلیم غریب ترین خاندانوں کو غربت سے باہر نکلنے اور خوشحالی کا راستہ فراہم کرتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ احساس اپنے سکول وظیفہ پروگرام کے ذریعے غریب ترین خاندانوں کی تعلیم تک رسائی کو بہتر بنانے پر توجہ مرکوز کر رہا ہے۔ پروگرام کے تحت لوگوں کو اپنے بچوں کا خود اندراج کروانے کی سہولت فراہم کرتے ہوئے، ہم نے آج ایپ بھی متعارف کرائی ہے۔ اس ایپ کا استعمال کرتے ہوئے، خاندان اپنے بچوں کو کسی دفتر میں جائے بغیر خود سکولوں میں انداراج کرا سکتے ہیں۔احساس تعلیمی وظائف پروگرام آئندہ3 سالوں میں پاکستان کے 160 اضلاع سے 10 ملین مستحق بچوں کو اپنے دائرے میں شامل کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ اب تک، 6.7 ملین سے زائد بچوں کا اندراج ہوچکا ہے۔