کوئٹہ، 24 جنوری (اے پی پی ): گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا نے بلوچستان ایگریکلچرل رسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ سینٹر میں زیتون کے پھل اور تیل کو پراسس کرنے کے جدید مرکز کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ دو ارب روپے کی مالیت کے منصوبے سے صوبہ بلوچستان کے زمینداروں کو مشنیری اور دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی، اسکے بعد چار ارب روپے کی لاگت کا دوسرا منصوبہ بھی آرہا ہے جس میں کاشت کاروں کو تین ماہ کی تربیت اٹلی میں بھی دی جائے گی،دونوں منصوبوں کا آغاز بلوچستان سے کیا جارہا ہے ۔
گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے کہا کہ زراعت اور ریسرچ کے تمام ثمرات صوبے کے غریب کسانوں تک پہنچانا اولین شرط ہے اور وفاقی حکومت کے چھ ارب روپے کے منصوبے میں سے پچاس فیصد بلوچستان کیلئے ہے جو ایک بہترین آغاز ہے اور موجودہ حکومت کے عملی اقدامات کا سب سے بڑا ثبوت یہ ہے کہ پہلی مرتبہ بلوچستان بھر سے زمینداروں کو تین ماہ کی تربیت کیلئے اٹلی بھیجے جائیں گا جو کے ایک خوش آئند اقدام ہے۔