سعودی وزیر داخلہ کی پاکستان آمد سے پاک سعودی دو طرفہ تعلقات میں نئی جہت پیدا ہوگی؛ وزیر داخلہ شیخ

30

اسلام آباد،26جنوری  (اے پی پی):وزیر داخلہ شیخ رشیداحمد نے کہا ہے کہ سعودی وزیر داخلہ کی فروری میں پاکستان آمدکوخوش آمدیدکہتا ہوں، سعودی وزیر داخلہ کی پاکستان آمد سے پاک سعودی دو طرفہ تعلقات میں نئی جہت پیدا ہوگی۔

ان خیالات کا  اظہار  انہوں نے   پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعیدالمالکی   سے   گفتگو  میں  کیا ،  جنہوں  نے  بدھ  کو   یہاں  ان  سے  ملاقات  کی ہے ،ملاقات میں پاکستان سعودی عرب دو طرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور اور  سعودی وزیر داخلہ کی اگلے مہینے پاکستان آمد کے حوالے سے انتظامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

 اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان روابط میں وسعت اور تعلقات میں مضبوطی آئے گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ سعودی وزیر داخلہ کے دورے کے دوران پاک سعودی باہمی معاہدے پر دستخط ہوں گے، باہمی معاہدے سے سعودی عرب سے پاکستانی  قیدیوں کی جلد واپسی ممکن ہوسکے گی۔

سعودی سفیر نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب دو بھائی ہیں، تعلقات انتہائی تاریخی اور دیرینہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سیاحت اور تجارت کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ  سعودی عرب کے عوام پاکستان کے لئے انتہائی نیک جذبات رکھتے ہیں۔