چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے یو ایس ایڈ کی مشن ڈائریکٹر جولی اے کینن کی ملاقات

10

اسلام آباد۔4فروری  (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمدصادق سنجرانی سے پاکستان کیلئے یو ایس ایڈ کی مشن ڈائریکٹر جولی اے کینن نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت یو ایس ایڈ کی طرف سے پاکستان میں جاری مختلف منصوبوں بارے تبادلہ خیال کے علاوہ معاشی اور سیاسی اصلاحات سے متعلق امور بھی زیر غور آئے۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ امریکی حکومت کی جانب سے پاکستان کو ترقیاتی معاونت فراہم کرنے پر شکرگزار ہیں۔پاکستان کی ترقی کیلئے ضروری بنیادی ڈھانچے میں بہتری، معاشی مواقع بڑھانے اور خوشحالی کو فروغ دینے کے حوالے سے یو ایس ایڈ کی خدمات قابل تحسین ہیں۔چئیرمین سینیٹ نے یو ایس ایڈ کی طرف سے پاکستان کے پسماندہ علاقوں کی ترقی کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان امریکہ سے اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور مضبوط اقتصادی تعلقات چاہتا ہے۔پاکستان اور امریکہ کے درمیان گہری اور مضبوط شراکت داری خطے کے امن، سلامتی اور خوش حالی کے لیے باہمی طور پر مفید اور اہم ہے۔ملاقات کے دوران افغانستان میں انسانی بحران اور معاشی تباہی کو روکنے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کرتے ہوئے افغان عوام کی حمایت کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا اور  افغانستان سے غیر ملکی شہریوں کے انخلا کے عمل میں پاکستان کے حالیہ تعاون کو سراہا گیا۔ مشن ڈائریکٹر یوایس ایڈ نے کہا کہ یو ایس ایڈ پاکستان کے پسماندہ علاقوں کی ترقی کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔خطے میں اہم ملک ہونے کی حیثیت سے امریکہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے پاکستان میں تعلیم اور صحت کے فروغ بالخصوص کورونا وبا کے دوران یو ایس ایڈ کی پاکستان کیلئے معاونت پر شکریہ ادا کیا۔