عوامی مسائل کے حل کے لیے تمام وسائل بروۓ کار لائے جارہے ہیں؛ ایم این اے میجرطاہر صادق

31

اٹک،04فروری(اے پی پی): ممبر قومی اسمبلی و چئیرمین ضلعی رابطہ کمیٹی برائے عوامی مسائل میجرطاہر صادق نے کہا ہے کہ ضلع اٹک کی عوام کے مفاد کو ہرصورت میں مقدم رکھا جائےگا، کرپٹ عناصر و کرپشن پر کوئی سمجھوتہ نہیں، ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل ہونی چاہیے، عوامی مسائل کے حل کے لیے تمام وسائل بروۓ کار لائے جارہے ہیں۔

انھوں نے ان خیالات کا اظہار ڈی سی آفس اٹک میں عوامی مسائل کے سلسلے میں  منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئےکیا۔میجرطاہر صادق نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب عٽمان بزدار صاحب کی قیادت میں پنجاب حکومت عوامی مسائل کے حل کےلیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔

اجلاس میں محکمہ صحت، تعلیم ، انفراسٹچر کی بحالی اور مرمت سمیت دیگر مسائل زیر بحث لائے گئے۔ اجلاس میں ضلع بھر میں تجاوزات ، نیو ہٹیاں روڈ پر داخلی دروازہ ، بوائز کالج حسن ابدال میں بجلی کی تنصیب کے لیے فنڈز کی فراہمی، سپورٹس سٹیدیم حسن ابدال کے مسائل ، مراکز صحت کے مسائل اور دیگر کئی عوامی مسائل زیر بحث لائے گئے ۔ اجلاس کے شرکاء کو بتایا گیا کہ عوامی مسائل حل کرنے کے لیے ہر ممکن تگ ودو جاری ہے۔

 ڈی پی او اٹک رانا شعیب محمود نے شرکاء کو ضلع بھر میں امن و امان کے بارے میں بریفنگ دی۔شرکاء نے اجلاس میں ضلع پولیس اٹک کی کارکردگی کی تعریف کی اور اس امر کا اظہار کیا کہ جرائم کے موثر خاتمے میں ضلع پولیس اٹک کا کردار قابل تحسین ہے۔

اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی ملک جمشید الطاف، رہنما پی ٹی آئی قاضی احمد اکبر خان، وزیر اعظم پاکستان کے معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم کے نمائندے ملک اعجاز، ڈپٹی کمشنر اٹک عمران حامد شیخ،  ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو اٹک ڈاکٹر وقار علی خان ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل مہرین بلوچ اور دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔