اسلام آباد۔5فروری (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ہفتہ کو یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر پارلیمانی ذیلی کمیٹی برائے کشمیری ثقافت اور اکادمی ادبیات پاکستان کے زیراہتمام کل پاکستان یکجہتی کشمیر مشاعرہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ شاعری کا جو کردار ہماری تہذیب ، ثقافت اور سیاست میں رہا ہے وہ شاید کسی اور میں نہیں رہا۔ لوگوں کی آزادی کو سلب کرنا اتنا آسان نہیں لوگ اب بغاوت کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ مشاعروں کا انعقاد برصغیر کی تہذیب و ثقافت کا حصہ ہے، پاکستان میں اس روایت کا دوبارہ شروع ہونا خوش آئند ہے، سیاست اور ثقافت کے فروغ میں ادب اور شاعری کا اہم کردار ہے، مسلمان شعراء نے بالخصوص پاک و ہند کے مسلمانوں نے جوش و جذبہ پیدا کیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں امن کا حصول ناممکن ہو کر رہ گیا ہے، دنیا کی اخلاقیات سے لگتا ہے کہ ان کو کشمیریوں پر مظالم سے تکلیف نہیں ہوتی کیونکہ ان کے مخصوص مفادات بھارت سے وابستہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کے حق خودارادیت کو زیادہ دیر تک سلب نہیں کر سکتا، بھارت کے غیرقانونی زیرتسلط کشمیر میں بچہ بچہ آزادی مانگ رہا ہے۔