کشمیر کے معاملے میں ہر پاکستانی ، کشمیری اور سیاسی جماعتیں ایک ہی انداز سے سوچتے ہیں، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس سے خطاب

27

مظفر آباد۔5فروری  (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے   ہفتہ کو یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر مظفر آباد میں آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر کے معاملے میں ہر پاکستانی ، کشمیری اور سیاسی جماعتیں ایک ہی انداز سے سوچتے ہیں،ہم دنیا کو بتانا چاہتے ہیں کہ کم از کم ایک لاکھ افراد یہاں شہید ہوئے۔

 کشمیریوں نے ڈوگرہ راج، تحریک پاکستان کے موقع پر قربانیاں دیں اور وہ آج تک یہ قربانیاں دے رہے ہیں، پاکستان دنیا کو یہ صورتحال دکھانا چاہتا ہے کہ کشمیر میں ایک لاکھ کشمیریوں کو شہید کیا گیا، وہاں نوجوانوں اور کشمیری لیڈروں کو غیرقانونی حراست میں رکھنا، جعلی مقابلوں میں ان کا قتل عام ہے، میڈیا پر پابندی ہے تاکہ وہاں کے حالات سے دنیا بے خبر رہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اگر امن کا دعویدار ہے تو وہ کشمیر کے راستے کھولے، دنیا کے میڈیا کو رسائی دے، سوشل میڈیا پر پابندی ختم کرے، معصوم افراد کا محاصرہ بند کرے، یہ اقدامات بھارت کی جانب سے نوجوانوں کی ہمت توڑنے کیلئے کیے جا رہے ہیں، یورپ میں یہودیوں پر مظالم کے باوجود یہودیت کی بات ہوتی رہی ہے، یہ الگ بات ہے کہ یہودی اب خود ظلم کر رہے ہیں، اس سے ثابت ہوتا ہے کہ قوموں کو جبر سے دبایا نہیں جا سکتا، کشمیریوں پر بھی ظلم ختم ہوگا، وہاں کوئی بچہ ایسا نہیں جو آزادی کی بات نہ کرے، کوئی ماں ایسی نہیں جو اپنے بچے کو آزادی کا درس نہ دے۔