معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب حسان خاور سے گردووارا سکھ پربندک کمیٹی دہلی کے وفد کی ملاقات،یاتریوں کو سہولیات کی فراہمی، باہمی وفود کے تبادلے سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال

31

لاہور، 23فروری   (اے پی پی): معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب حسان خاور سے گردووارا سکھ پربندک کمیٹی دہلی کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت کمیٹی کے چیف ایڈوائزر  پرمجیت سنگھ چنڈوک نے کی۔  ایم پی اے مہندر سنگھ پال، بلبیر سنگھ چنڈوک، عامر پیٹر گل نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ ملاقات میں یاتریوں کو سہولیات کی فراہمی، باہمی وفود کے تبادلے سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

 اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے حسان خاور نے کہا کہ کرتار پور راہداری کے ذریعے بابا گرو نانک کا امن و آشتی کا پیغام دنیا تک پہنچایا جا سکتا ہے۔ کرتار پور راہداری پاک بھارت باہمی تعلقات میں بہتری کا بہترین موقع فراہم کر سکتی ہے، ہمیں اس اہم ترین منصوبے کی اہمیت پوری دنیا کے سامنے اجاگر کرنی ہے۔  انہوں نے کہا کہ حکومت سکھ یاتریوں کی رہائش کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی،  تمام گرودواروں کے گردونواح میں یاتریوں کی رہائش کے لیے جگہوں کی نشاندہی کی جا رہی ہے، حکومت تمام سٹیک ہولڈرز کی شمولیت سے این او سی کے حصول کا عمل آسان بنائے گی۔

حسان خاور نے کہا کہ گردواروں کے ذریعے مذہبی سیاحت کا بھرپور پوٹینشل موجود ہے، سات ہزار سے زائد سکھ یاتری ہر سال پاکستان آتے ہیں، بہتر منصوبہ بندی سے اس تعداد کو لاکھوں میں لے کر جائیں گے۔اس حوالے سے محکمہ سیاحت کےساتھ ایم او یو سائن کر کے مذہبی سیاحت کو فروغ دیا جائے گا۔

  پرمجیت سنگھ چنڈوک نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کرتار پور راہداری کو موجودہ دور کا آٹھواں عجوبہ کہیں تو غلط نہ ہو گا، بھارتی پنجاب میں آئندہ چھ ماہ میں کرتار پور راہداری کے حوالے سے نہایت مثبت پیش رفت دیکھنے کو ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی مشترکہ تاریخ کے بارے میں نئی نسل کو بتانا ہو گا۔