وہاڑی؛ ڈپٹی کمشنر نے پودا لگا کر موسم بہار شجرکاری مہم کا افتتاح کر دیا

62

وہاڑی ،24 فروری (اے پی پی ): وزیراعظم پاکستان کے ویژن کے تحت ڈپٹی کمشنر محمد خضر افضال چوہدری نے ڈی سی کمپلیکس وہاڑی میں پودا لگا کر موسم بہار شجرکاری مہم2022 کا افتتاح کر دیا۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ مو جودہ حکومت کے وژن کے مطابق 10بلین ٹری سونامی پروگرام کے تحت ضلع وہاڑی میں بھر پور انداز سے شجرکاری جاری ہے، موسمیاتی تبدیلیوں سے نبرد آزما ہونے کے لئے ہمیں زیادہ سے زیادہ درخت لگانے ہونے ہونگے۔انہوں نے کہا کہ اس سال ضلع وہاڑی میں شجر کاری مہم میں 5 لاکھ 45 ہزار پودے لگائے جائیں گے ،یہ مہم گزشتہ شجر کاری مہمات سے منفرد ہوگی اس میں ہر پودے کی جیو ٹیگنگ کے ساتھ اس کی حفاظت کے لئے بھی بھرپور اقدامات کئے جائیں گے ۔

ڈپٹی کمشنر نے  کہا کہ درخت ہر جاندار کیلئے آکسیجن بنانے کا ذریعہ ہیں درخت ہمارے ماحول کو معطر، خوبصورت اور خوشگوار بناتے ہیں اور پودے موسمیا تی تبدیلیوں کے برے اثرات کو روکتے ہیں۔ انہوں نے  کہا کہ ہر فرد کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے حصے کا ایک پودا ضرور لگائے اور اسکی نگہداشت کرے ۔

ڈپٹی کمشنر محمد خضر افضال چوہدری نے کہا کہ ضلع وہاڑی کو سرسبز و شاداب بنانے کے حوالے سے خصوصی مہم جاری ہے، اس سلسلے میں سڑکوں کے کنارے، پارکوں اور دیگر خالی جگہوں پر پودے لگائے جا رہے ہیں، ڈی ایم روڈ کے اطراف وہاڑی اور بورےوالا میں 10کروڑ روپے سے شجرکاری کے منصوبے پر کام شروع ہے، یونیورسٹی آف ایجو کیشن کے سامنے 18ایکٹر پر اربن فاریسٹ لگایا گیا ہے جبکہ  اراضی ریکارڈ سنٹر کے ساتھ بھی اربن فاریسٹ لگایا ہے، اس کے علاوہ جنرل بس اسٹینڈ کے ساتھ سیٹرس آرچرڈ لگایا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پودے ماحول پر مثبت اثرات مرتب کر رہے ہیں، پودے جیسے ہی پروان چڑھیں گے وہاڑی شہرپر اس کے بہترین اثرات مرتب ہوں گے۔

اس موقع پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر انجم اقبال، سی ای او ایجوکیشن صہیب عمران، ڈپٹی ڈائر یکٹر انفارمیشن میاں نعیم عاصم، ایس ڈی ایف او اشفاق حسین چغتائی اور صحافیوں نے بھی پودے لگائے۔