ملتان، 25فروری(اے پی پی ): وزیر اعظم پیکج کے تحت جنوبی پنجاب کے میگا پراجیکٹس بارے اہم اجلاس ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ ثاقب ظفر اور وفاقی سیکرٹری پلاننگ عبدلعزیز کی صدارت میں یہاں سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔اجلاس میں وفاقی حکومت کی طرف سے جنوبی پنجاب میں جاری منصوبوں اور وفاق اور پنجاب حکومت کے اشتراک اور فارن فنڈ سے شروع کئے گئے، پراجیکٹس پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور نئے مالی میں شامل کئے جانے والے میگا پراجیکٹس پر بھی بحث کی گئی۔
وفاقی سیکرٹری پلاننگ عبدالعزیز نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے پرائم منسٹر پیکج کے تحت جنوبی پنجاب میں جاری منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کا حکم دیا ہے اور آئندہ مالی سال کے بجٹ میں فنڈنگ کے لئے نئے منصوبوں کی نشاندہی کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو اولیت دی جائے اور منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جائے تاکہ عوام تک انکے ثمرات پہنچ سکیں۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ ثاقب ظفر نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ جاری ترقیاتی منصوبوں کی مانیٹرنگ جاری ہے اور انہیں مقررہ مدت کے اندر مکمل کرلیا جائے گا۔ انہوں نے تجویز دی کہ نئے مالی سال میں انٹر ڈسٹرکٹ شاہراہوں، آبپاشی کے شعبے میں میگا پراجیکٹس کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ صحت،تعلیم، انڈسٹری کے شعبوں کو ترقی دی جائے اور فوڈ سیکیورٹی لائیوسٹاک اور زراعت کی ترقی کے منصوبوں کے لئے فنڈنگ کی جائے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وفاقی سیکرٹری پلاننگ اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب منصوبوں کی مانیٹرنگ کریں گے۔
اجلاس میں جنوبی پنجاب کےسیکرٹری پی اینڈ ڈی شعیب اقبال سید،سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ نادر چٹھہ، سیکرٹری زراعت ثاقب علی عطیل اور سیکرٹری فاریسٹ،فشریز اینڈ وائلڈ لائف نے شرکت کی۔