لاہور، 5 مارچ ( اے پی پی ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ پاکستان میں 24 برسوں بعد کرکٹ بحال ہوئی ، اپوزیشن عالمی سطح پر اس طرح کے سگنل نہ دے جس سے کرکٹ متاثر ہو،پہلی مرتبہ 23 مارچ کو پوری مسلم امہ سمیت اہم ممالک کے وزرائےخارجہ پاکستان کے ساتھ کھڑے ہونگے،پاک بھارت تعلقات کی بہتری کیلئے مسئلہ کشمیر حل ہونا بہت ضروری ہے۔
وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کے ہمراہ ہفتہ کو یہاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کا اترا چہرہ دیکھ کر شاکر شجاع آبادی کا شعر یاد آ گیا ”تو شاکر آپ سیانڑاں ایں ساڈا چہرا ویکھ حالات نہ پچھ”۔ انہوں نے کہا کہ 48 گھنٹے کے بعد اب 72 واں گھنٹہ شروع ہونے والا ہے لیکن تحریک عدم اعتماد کا کچھ پتہ نہیں، تحریک عدم اعتماد اپوزیشن کا وہ بچہ تھا جو گلی میں کہیں گم ہو گیا ہے، اب دیکھتے ہیں یہ اپنے اس گمشدہ بچے کو تلاش کرنے میں کتنا وقت لیتے ہیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ عمران خان مسلم امہ اور پاکستان کے لیڈر ہیں، اس سال 22 مارچ کو او آئی سی وزرائے خارجہ کانفرنس کا اجلاس ہونے جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پہلی مرتبہ 23 مارچ کے دن پوری مسلم امہ، یورپی ممالک سمیت اہم ممالک کے وزراء خارجہ پاکستان کے ساتھ کھڑے ہوں گے، اس تاثر کو مسترد کرتے ہیں کہ ہمارے ویسٹرن بلاک سے تعلقات خراب ہو گئے ہیں،پاکستان متوازن پالیسی پر یقین رکھتے ہے، روس یوکرین تنازعہ پر ہمارا موقف واضح ہے،وزیراعظم عمران خان نے روسی ٹی وی چینل کو انٹرویو میں اپنی پالیسی واضح کر دی تھی، اقوام متحدہ میں پاکستان کے مندوب منیر اکرم نے بھی اپنی تقریر میں کہا کہ جنگ ختم ہونی چاہئے اور مذاکرات سے مسائل کا حل نکلنا چاہئے۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا کہ پہلی مرتبہ پاکستان کی خارجہ پالیسی سو فیصد پاکستان کے اندر بن رہی ہے،طویل عرصے بعد ایسی حکومت اقتدار میں ہے جس کے پیچھے فوج، پورا ملک اور عام آدمی کھڑا ہے،ہماری پالیسیوں میں وزیراعظم کا ملک کے لئے احساس نظر آتا ہے، اپوزیشن خاص طور پر جن کا مے فیئر میں گھر ہے، وہ بے ہوش گئے کہ وزیراعظم روس کیوں چلے گئے،یورپ اور امریکہ کے ساتھ ہمارے تعلقات بہتری کی جانب گامزن ہیں۔
چوہدری فواد حسین نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں غریب ملکوں کا جو پیسہ بیرون ممالک منتقل ہوا وہ واپس آنا چاہئے،اس حوالے سے ہم تیزی سے کام کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سانحہ پشاور پر بہت دکھ ہے، ہمارے دلوں پر قیامت گزری ہے، پوری قوم متحد ہے جب بھی پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ شروع ہوئی اس طرح کے سانحات ہوئے،پشاور سانحہ پر ہر ٹویٹ ہندوستان سے جنریٹ ہو رہی تھی جس میں آسٹریلین کرکٹ بورڈ کو ٹیگ کیا جا رہا تھا۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ن لیگ پنجاب کی چار ڈویژنوں کی پارٹی بن کر رہ گئی ہے،بدقسمتی سے ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو کی پارٹی تین ڈویژنوں کی پارٹی بن کر رہ گئی ہیں، پیپلز پارٹی حکومت کی تبدیلی کی بجائے زرداری فیملی سے پارٹی واپس لے، ن لیگ صرف اپنے پیسے بچانے کے لئے لگی ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت عمران خان کی قیادت میں مستحکم ہے، تمام اتحادی ہمارے ساتھ ہیں۔فضل الرحمان، شہباز شریف کو منہ چھپانے کی جگہ نہیں ملے گی،بلاول سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ ان کا وزیراعظم کا امیدوار کون ہے۔
سورس:وی این ایس، لاہور











