پاکستان ریلوے کی آمدن میں اضافہ کریں گے،ہماری پالیسیوں سے آنے والی نسلیں بھی فائدہ اٹھائیں گی،وفاقی وزیر ریلوے محمد اعظم خان سواتی

31

اسلام آباد۔7مارچ  (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے محمد اعظم خان سواتی نے کہا ہے کہ ریلوے کی ترقی کا سفر جاری رہے گا،پاکستان ریلوے کی آمدن میں اضافہ کریں گے،ہماری پالیسیوں سے آنے والی نسلیں بھی فائدہ اٹھائیں گی۔ پیر کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 2023 میں بھی تحریک انصاف کی حکومت ہوگی۔ریلوے کو منافع بخش ادارہ بنانے کے لئے اقدامات کررہے ہیں۔15 ماہ پہلے جب میں نے  وزارت ریلوے کا منصب سنبھالا،تو کہا تھا   کہ پنشن  کے علاوہ  ریلوے کو منافع والا ادارہ بنائو ں گا،اس سلسلہ میں کام کررہے ہیں،پہلے دن سے کوشش تھی کہ جنون کی حد تک میری ٹیم ساتھ دے گی تو ہم ترقی کا سفر شروع کریں گے،انہوں نے کہا کہ بزنس اس وقت ہوتا ہے جب کارپورپٹ سیکٹر کے لئے دروازے کھول دئیے جائیں،ایک شفاف پالیسی کے ساتھ جب آپ دروازے کھولتے ہیں تو پھر بہتری آتی ہے،ہم ہر وہ کام کررہے ہیں جس سے اس قومی ادارہ کو منافع بخش بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ  ریلوے سے کرپشن کے خاتمے کے لئے اقدامات کرر ہے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ نام نہاد اپوزیشن صرف چوری ،ڈکیتی اور ملک کو تباہ کرنے کے لئے ہے ۔عمران خان نے اپوزیشن کے چوروں کی کمائی کا ذریعہ بند کردیا ہے،اپوزیشن عدم اعتماد لے کر آئے دودھ کا دودھ،پانی کا پانی ہوجائے گا۔وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ پاکستان کے لوٹے ہوئے مال کو یہ لانگ مارچ پر خرچ کررہے ہیں،پاکستان ریلوے کے وزیر اور پی ٹی آئی کے کارکن کی حیثیت سے چیلنج کرتا ہوں کہ ہم مقابلہ کریں گے ،پاکستان کے عوام کو اپوزیشن کے سب کرتوتوں کا علم ہے۔ایک شخص تین بار ملک کا وزیراعظم بنا اور آج وہ باہر  بیٹھا ہوا ہے۔ان کا اب کوئی مستقبل نہیں لوگ ان کے کرتوت جانتے ہیں۔