بالا کوٹ پر جو جواب دیا اس کا پوری دنیا کو زبردست پیغام گیا ؛وزیراعظم عمران خان

18

اسلام آباد،11مارچ  (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ  قوم کی طرف سےمسلح افواج کو مبارکباد، کم وقت میں پراجیکٹ مکمل کیا، دفاع کو اتنا مضبوط کرنا ہے کہ کوئی بُری آنکھ سے پاکستان کو نہ دیکھے، بالا کوٹ پر جو جواب دیا اس کا پوری دنیا کو زبردست پیغام گیا۔

 انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعہ کو یہاں پاک فضائیہ میں جدید ترین لڑاکا طیاروں جے 10سی کی شمولیت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے کہاکہ تقریباً 40سال پہلے پاک فضائیہ میں ایف  ۔  16لڑاکا طیارے جب شامل کئے گئے تھے تو ملک میں  خوشی کی لہر دوڑ گئی تھی کہ ہم  جدید طیاروں اور ٹیکنالوجی کے ذریعے اپنے ملک کا دفاع کر سکتے ہیں ۔اب جے 10سی لڑاکا طیاروں کی شمولیت پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں ، بدقسمتی سے برصغیر میں عدم توازن پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ، اس سکیورٹی  عدم توازن کو دور کرنے کے لئے ہمارے  دفاعی نظام میں ایک بہت بڑا اضافہ ہوا ہے ، چین کے خاص طور پر شکر گزار ہیں کہ اس نے آٹھ ماہ کی ریکارڈ مدت میں یہ لڑاکا طیارے ہمیں فراہم کئے ہیں ۔

وزیراعظم نے کہاکہ ہماری مسلح افواج میں ایک جدید سوچ آچکی ہے ، مستقبل کے وار فیئر میں ٹیکنالوجی پر خاص طور پر زور دیا جائے گا۔ملکی ٹیکنالوجی کو فروغ دیکر ہم اپنے ملک کو  ترقی دے سکتے ہیں ،اس کے لئے ہم نے ٹیکنالوجی زون قائم کیا ہے ۔ایک یونیورسٹی بھی بنا رہے ہیں جہاں پر جدید ٹیکنالوجی کی سہولت ہو گی ۔

 وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان اس لحاظ سے خوش قسمت ہے کہ ہر شعبے میں باصلاحیت لوگ موجود ہیں لیکن ان میں سے بہت سے ابھی ملک سے باہر ہیں جیسے جیسے معیشت مضبوط ہو رہی ہے ، ملک آگے بڑھ رہاہے ، ہماری سمت درست ہو رہی ہے اور ہم نظام کو ٹھیک کر رہے ہیں۔ ان شاء اللہ یہ سارا ٹیلنٹ بھی ہمیں دستیاب ہو گا ، ہم ملک میں ہر قسم کا معیاری ادارہ بنا سکتے ہیں ۔جیسے جیسے ملک ترقی کرے گا ہم باہر بیٹھے اپنے باصلاحیت افراد کو واپس لاسکیں گے ۔انہوں نے کہاکہ قوم کی طرف سے اپنی مسلح افواج کو پیغام ہے کہ ہمیں اپنی مسلح افواج پر پورا اعتماد ہے کہ وہ ملک کا دفاع کر نے کی صلاحیت رکھتی ہے اور اگر کوئی بھی پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھے گا تو اسے علم ہو نا چاہئے کہ اسے بہت  نقصان اٹھانا پڑے گا ۔ وزیراعظم نے کہاکہ پلوامہ کے بعد جب بالاکوٹ پر حملہ ہوا اس کے بعد پاکستان نے جس طرح کا ردعمل دکھایا اس سے پوری دنیا کو یہ پیغام مل گیا کہ ہم اپنی حفاظت کرنے کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں ۔جب قوم مسلح افواج کے پیچھے کھڑی ہو تو اس کی طاقت بنتی ہے ، جب قوم اور مسلح افواج کی سوچ ایک ہو تو پھر وہ مضبوط ہوتی ہیں ۔

وزیراعظم نے کہاکہ دہشتگردی کے خلاف ہم نے بہت قربانیاں دی ہیں اور ایک مشکل جنگ لڑی ہے ،عراق اور شام کی مثالیں ہمارے سامنے ہیں کہ وہاں پر کیا ہوا ، ملک تباہ ہو جاتے ہیں لیکن ہماری مسلح افواج اور عوام نے جس طرح حالات کا سامنا کیا دنیا کو اس سے پتہ چل گیا کہ پاکستان اپنی حفاظت کر سکتا ہے ، لڑاکا طیاروں کے فضائی مظاہرے سے مجھے یقین ہو گیا ہے کہ کوئی بھی ہمارے اوپر کسی قسم کا کوئی دبائو نہیں ڈال سکتا ،آزاد ملک صرف اسی صورت میں آزاد اور خوددار رہ سکتا ہے جب وہ اپنی حفاظت کر سکے ۔

وزیراعظم نے کہاکہ ملک میں ریکارڈ ٹیکس وصولی ہوئی ہے ، جس طرح ہماری ٹیکس وصولی اور برآمدات بڑھ رہی ہیں ترسیلات زر میں اضافہ ہو رہاہے اور آمدنی بڑھ رہی ہے ،جیسے جیسے ہماری آمدنی بڑھے  گی تو ہم دو معاملات پر زیادہ خرچ کریں گے ، ہماری پہلی ترجیحی ملک میں غربت کم کرنا ہے اور غریب طبقے پر رقم خرچ کرنا ہے ،ترقی یافتہ ممالک میں بھی یونیورسل ہیلتھ کوریج نہیں دی جاتی ، ہم 10لاکھ روپے کی ہیلتھ انشورنس دے رہے ہیں ، احساس پروگرام شروع کیا گیا ہے ،جیسے جیسے آمدنی بڑھے  گی ، دفاع کو مزید  مضبوط بنائیں گے ۔اصل طاقت یہ ہوتی ہے کہ  جنگ لڑنا ہی نہ پڑے اور دشمن کو یہ پتہ ہو کہ ان کے پاس اتنی تیاری ہے کہ اگر وہ جارحیت کرے گا تو اسے بہت بڑا نقصان ہو گا۔غربت میں کمی اور دفاع کو مضبوط بنانا ہماری بجٹ ترجیحات میں شامل ہو گا۔

سورس:وی این ایس، اسلام آباد