اسلام آباد،18مارچ (اے پی پی):وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہاہے کہ یہی وقت ہےکہ الیکشن کمیشن ووٹوں کی خرید وفروخت کرنے والوں کو عبرت کی مثال بنائے،”ایبسلوٹلی ناٹ” کہہ کر ہم نے گناہ نہیں کیا، ہم نے ملکی غیرت اور قومی سالمیت کیلئے سٹینڈ لیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے جمعہ کو الیکشن کمیشن کے باہر وفاقی پارلیمانی سیکرٹری قانون و انصاف ملیکہ بخاری کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔فرخ حبیب نے کہاکہ این ایف سی کی مد میں سندھ حکومت 2000ارب لیکر گئی لیکن کہاں استعمال ہوا اس کا پتہ ہی نہیں ہے، جو کونسلر نہیں بن سکتے تھے وہ ٹکٹ کے لئے عمران خان کے پائوں میں بیٹھے ہوئے تھے،الیکشن کمیشن یوسف رضا گیلانی کے خلاف کیس کا بھی فیصلہ کرے اور ووٹ کی خرید و فرخت کو فوری طور پر روکے،ہم نے ابیسلوٹلی ناٹ کہہ کر کوئی غلط نہیں کیا، س کا خمیازہ بھگتنے کے لئے تیار ہیں،کپتان ڈٹ کر مقابلہ کریں گے،کسی قسم کی بلیک میلنگ میں نہیں آئیں گے اور نہ ہی کمپرومائز کریں گے۔
وزیر مملکت نے کہاکہ آج سب چور ایک طرف اور عمران خان ان کے سامنے ڈٹ کر کھڑے ہیں،جب کوئی اتحاد بنتا ہے تو سب کو ساتھ لیکر چلا جاتا ہے،ہم پاکستان کی جمہوریت کو نیلام گھر نہیں بننے دیں گے،بھرپور مزاحمت کریں گے اور رکاوٹ بن کر کھڑے ہوں گے،آرٹیکل 63اے واضح ہے،قانون اس لئے بنایاجاتا ہے کہ اس کا خوف ہو،لوگ قانون نہ توڑیں، اگر ان کے ضمیر اتنے ہی جاگ گئے ہیں تو نیلام گھرسے باہر نکلیں اور دوبارہ الیکشن لڑکے دیکھ لیں کہ ان کے ساتھ کتنے عوام ہے۔











