اسلام آباد،20مارچ (اے پی پی): وزیرتوانائی حماداظہر نے کہا ہے کہ آج پاکستان کیلئے ایک تاریخی دن ہے، برآمدات، زرمبادلہ اورغیرملکی سرمایہ کاری کیلئے یہ اہم ترین پیش رفت ہے، میں قوم کومبارکباددیتاہوں، ریکوڈک کے نئے معاہدے سے پاکستان کے لیے نئے دروازے کھلیں گے۔
اتوار کویہاں وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات شوکت ترین اوروزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجوکے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئےانہوں نے کہا کہ ریکوڈک دنیا میں سونے اورکاپرکی سب سے بڑی مائن ہے، آج اس کادروازہ کھل گیاہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کو10 ارب ڈالرکاجوجرمانہ اداکرنا تھاوہ ختم ہوگیاہے۔ انہوں نے کہاکہ اوجی ڈی سی ایل، پی پی ایل اورگورنمنٹ ہولڈنگز کمپنی کی 25 فیصدشراکت داری ہے، بلوچستان حکومت کاحصہ 15 فیصدسے بڑھا کر25 فیصد کردیاگیاہے، اس کے بدلہ میں بلوچستان کی حکومت سے کوئی معاوضہ وصول نہیں کیاجائیگا،وفاقی حکومت اورسرکاری کاروباری ادارے یہ ادائیگیاں کریں گے ۔
حماداظہرنے کہاکہ یہ ایک گیم چینجرمنصوبہ ہے اوریہ پہلی بارنہیں ہواہے کہ موجودہ حکومت نے پچھلی حکومتوں کے پیداکردہ کوئی مسئلہ حل کیاہو، اس سے قبل کارکے کا تنازعہ موجودہ حکومت نے حل کیاہے،فیٹف کے گرے لسٹ کے مسئلہ کوبھی حل کیاجارہاہے اورپاکستان نے فیٹف ایکشن پلان کے 34 میں سے 32نکات پرعمل درآمدکیاہے۔اسی طرح موجودہ حکومت نے آئی پی پیز کے ساتھ معاہدوں پرنظرثانی کیلئے مذاکرات کئے، آج جومعاہدہ ہواہے وہ پاکستان تحریک انصاف کا اعزازہے، اس میں وزارت خزانہ، پیٹرولیم ڈویژن،اٹارنی جنرل آفس اوروزارت قانون نے جوکرداراداکیاہے وہ قابل تعریف ہے، ان اداروں اورافراد نے پاکستان کے مفادات کاجس اندازمیں تحفظ کیاہے وہ لائق تحسین ہے۔
معاہدے کے کاروباری ساخت کاذکرکرتے ہوئے حماداظہرنے کہاکہ معاہدے کے تحت 50 فیصدحصہ بیرک گولڈ کاہوگا،25 فیصدحصہ بلوچستان کی حکومت کاہے جبکہ اوجی ڈی سی ایل، پاکستان پیٹرولئیم لیمیٹڈ(پی پی ایل) اورگورنمنٹ ہولڈنگزپرائیوٹ لمیٹد کا25 فیصدحصہ ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ معاہدہ سپریم کورٹ اورپارلیمان میں پیش کیاجائیگا۔بیرک گولڈ دنیا میں گولڈ اورکاپرمائننگ کی سب سے بڑی کمپنی ہے۔اس کے بعد پاکستان میں کان کنی کی مزیدکمپنیاں آئیں گی۔انہوں نے کہاکہ آج ایک تاریخی دن ہے کیونکہ پاکستان پرآئی مشکل کوآسانی میں تبدیل کردیاگیاہے۔











