اسلام آباد، 21 مارچ (اے پی پی ): چئیرمین قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات سینٹر فیصل جاوید خان نے کہا ہے کہ عدالت کے فیصلے کا احترام کرتے ہوئے پریڈ ایونیو پر جلسہ کریں گے۔
پیر کو یہاں میڈیا سے گفتگو میں فیصل جاوید نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے خلاف اپوزیشن کے اتحاد نے پوری قوم کو سیاسی طورپر وزیراعظم عمران خان کے حق میں متحرک کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 27مارچ کے “امر بالعروف”جلسے میں ملک بھر سے لاکھوں کی تعداد میں عوام شریک ہونگے اور وزیراعظم عمران خان پر مکمل اعتماد و یکجہتی کا بے مثال اظہار کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی سیکرٹری جنرل اسد عمر کی زیر صدارت اجلاس میں دی گئی منظوری کی روشنی میں ضلعی انتظامیہ کو جلسے کے مقام کی ڈی چوک سے پریڈ گراؤنڈ منتقلی کے حوالے سے باضابطہ تحریری مراسلہ جمع کروا دیا گیا ہے۔ 27مارچ کو منعقد ہونے والا تاریخی “امر بالعروف”جلسہ پاکستان کی سیاسی تاریخ میں اب تک ہونے والے اجتماعات کا ریکارڈ توڑ ڈالے گا۔
سورس:وی این ایس، اسلام آباد











